ڈرامہ ’خانی‘ ناظرین کو متاثر کرنے میں کامیاب کیوں ہوا؟
ایک ایسی لڑکی جس نے اپنے ڈر کو ہرا کر بڑی طاقتوں سے لڑنے کی جرات کی اور طویل عرصے کی جدوجہد اور مسائل کا سامنا کرنے کے بعد اس میں کامیاب بھی ہوئی۔
جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’خانی‘ ایک ایسی ہی لڑکی کی کہانی کی عکاسی کرتا ہے، جو اپنی مضبوط کہانی، شاندار کاسٹ، بہترین اداکاری اور بہت سنگین موضوع پر بات کرنے کے باعث مداحوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا۔
یہ ڈرامہ مڈل کلاس گھرانے سے تعلق رکھنے والی لڑکی صنم خان کی کہانی ہے جسے پیار سے سب خانی بلاتے ہیں، خانی جو اپنے والدین 2 چھوٹی بہنوں اور جڑواں بھائی کے ساتھ کراچی کے ایک علاقے میں اپنی پرسکون زندگی گزار رہی تھی۔
خانی کو ڈرامے کے آغاز میں جتنا ڈرپوک دکھایا گیا، اس کے جڑواں بھائی صارم کو اتنا ہی بہادر اور مضبوط شخصیت کا حامل پیش کیا۔
خانی کے گھرانے کو ڈرامے کی پہلی قسط سے اس سادہ انداز میں پیش کیا گیا، جس سے آپ خود کو ان سے باآسانی جوڑ پائیں گے، جبکہ ایک منٹ بھی ایسا محسوس نہیں ہوگا کہ یہ سب اداکاری کررہے ہیں۔