پاکستان

ایون فیلڈ ریفرنس فیصلہ: کیپٹن (ر) صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل

نیب نے وزارت داخلہ سے مریم نواز، نواز شریف اور کپٹن(ر) صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔
|

اسلام آباد: احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں قید بامشقت کی سزا ہونے پر وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل کردیا۔

واضح رہے کہ بلیک لسٹ میں نام کے اندراج کے بعد کیپٹن (ر) محمد صفدر بیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز برطانیہ میں موجود تھے جب عدالت نے ان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس پر فیصلہ سنایا۔

یہ بھی پڑھیں: احتساب عدالت کا فیصلہ: نیب کیپٹن(ر) صفدر کو گرفتار کرنے میں ناکام

جبکہ ان کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر پاکستان میں ہی موجود ہیں اس کے باوجود انہیں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اب تک گرفتار نہ کیا جاسکا۔

احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد نیب نے وزارتِ داخلہ سے مریم نواز، نواز شریف اور کیپٹن(ر) صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا دی تھی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز فیصلے کے خلاف 10 روز میں اپیل کرسکتے ہیں، ماہر قانون

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایوان فیلڈ کا ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ (ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد) اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈ (30 کروڑ روپے سے زائد) جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

یاد رہے کہ نیب کی جانب سے اس سے قبل بھی وزارت داخلہ کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد ملزمان کے نام ای سی ایل میں درج کرنے کی درخواست کی جاچکی ہے، جس پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔