پاکستان

پاک سر زمین کی انتخابی مہم میں فنکار پیش پیش

معروف اداکار نعمان مسعود، اعجاز اسلم، رابی پیرزادہ اور کومل عزیز خان نے پی ایس پی کی انتخابی مہم کی ویڈیوز جاری کردیں۔

عام انتخابات میں عوام اور اپنے ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ توجہ حاصل کرنے کے لیے سیاسی پارٹیاں جہاں منفرد قسم کے حربے استعمال کر رہی ہیں۔

وہیں سیاسی جماعتوں نے ووٹرز کی توجہ مبذول کروانے کے لیے فنکاروں کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں۔

اور اس حوالے سے پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) پیش پیش ہے، جس کی انتخابی مہم کے لیے کئی فنکار سامنے آ چکے ہیں۔

پی ایس پی رہنما رضا ہارون کی جانب سے اپنے ٹوئیٹ اکائونٹ پر پارٹی کی انتخابی مہم کا حصہ بننے والے فنکاروں کی ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارائیں بھی انتخابی مہم کے لیے متحرک

اگرچہ پی ایس پی کے حق میں لوگوں کو ووٹ کی التجاء کرنے والی اداکارہ کومل عزیز کی ویڈیو پہلے ہی وائرل ہوچکی تھی، تاہم اب اسی جماعت کے لیے لوگوں سے ووٹ کی اپیل کرنے والے دیگر فنکاروں کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔

رضا ہارون کے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی معروف اداکار نعمان مسعود کی ویڈیو میں انہیں کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 کے امیدوار سید مبشر امام کی سپورٹ کرنے کی التجاء کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں نعمان مسعود اداکار، پروڈیوسر اور میڈیا پرسن کو پیش آنے والے مسائل کی بات بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں، ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے سنائی دیتے ہیں کہ ان کے مسائل صرف سید مبشر امام ہی حل کریں گے، اس لیے ان کی طرح دیگر لوگوں کو بھی انہیں ووٹ کرنا چاہیے۔

رضا ہارون کے ٹوئتر اکائونٹ پر تعلیم کے حوالے سے کام کرنے والی کارکن صائمہ شاہ کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس میں وہ یہ کہتی نظر آتی ہیں کہ اگرچہ وہ خود کو مکمل سیاسی خاتون نہیں سمجھتیں، تاہم انہیں اندازہ ہے کہ مصطفیٰ کمال نے ماضی میں صوبائی دارالحکومت کے لیے کیا کام کیے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ انہیں اپنا قیمتی ووٹ ضائع نہیں کرنا چاہیے اور ان کی طرح لوگوں کو بھی پی ایس پی کو ووٹ کرنا چاہیے۔

رضا ہارون کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہی اداکار اعجاز اسلم کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس میں وہ لوگوں سے پی ایس پی کے امیدوار سید مبشر امام کو ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے نظر آئے۔

رضا ہارون کی جانب سے اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس میں وہ جہاں لوگوں کو ووٹ کی اہمیت سے متعلق ہدایت کرتی نظر آئیں، وہیں انہوں نے مصطفیٰ کمال اور پی ایس پی کی تعریفیں بھی کیں۔

ساتھ ہی رابی پیرزادہ نے پی ایس 111 سے پی ایس پی کے امیدوار سید مبشر امام کی تعریف کرتے ہوئے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ انہیں ووٹ ڈالیں۔

رابی پیرزادہ نے اپنی ویڈیو میں پی ایس 111 میں آنے والے علاقوں کے نام لے کر وہاں کے رہائشیوں سے سید مبشر امام کو ووٹ کرنے کی اپیل کی۔

اسی طرح رضا ہارون نے سماجی کارکن لیا حیات خان کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ پی ایس پی اور مصطفیٰ کمال کے حق میں بات کرتی نظر آئیں۔

رضا ہارون نے کومل عزیز خان کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ پی ایس 111 سے پی ایس پی کے امیدوار سید مبشر امام کی سپورٹ کرتے اور لوگوں سے انہیں ووٹ دینے کی اپیل کرتی نظر آئیں۔

پی ایس پی رہنما نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے میڈیا پروفیشنلسٹ فرقان صدیقی کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ ان کی پارٹی اور رہنمائوں کی سپورٹ کرتے نظر آئے۔