’واہ واہ گزران فقیراں دا سے پاریک‘ تک کا پاکستان کی مدھر آوازوں کا سفر
کوک اسٹوڈیو کی جانب سے’ایکسپلورر‘ نامی پروگرام کے تحت وادی چترال اور وادی سندھ کے 4 نئے گلوکاروں کے گانے ریلیز کردیے گئے
کوک اسٹوڈیو نے پاکستان بھر سے نئے گلوکاروں کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے موسیقی کے اپنے نئے پروگرام ’کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر‘ کا آغاز کردیا۔
اس پروگرام کے تحت کوک اسٹوڈیو نے ابتدائی طور پر پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور صوبہ سندھ کے 4 نئے فنکاروں کے 2 گانے ریلیز کیے ہیں۔
کوک اسٹوڈیو کئی ہفتوں سے اس پروگرام کی تیاریوں میں مصروف تھا، تاہم رواں ماہ 3 جولائی کو اسٹوڈیو کی جانب سے اس پروگرام کا پہلا گانا ’پاریک‘ ریلیز کیا گیا۔
پاریک میں چترال کی 2 نئی گلوکاراؤں کی آواز کو منفرد موسیقی کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔
اس گانے میں کوک اسٹوڈیو نے 2 بہنوں آریانا اور آمرینا کو پیش کیا ہے، تاہم گانے میں چترال کی دیگر خواتین کو بھی اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔