پاکستان

بلوچستان: بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 افراد ہلاک

پاکستان پیٹرولیم کمپنی کے ملازمین تیل اور گیس کا سروے کررہے تھے جس دوران ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، لیویز حکام

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے ٹوبہ نوخانی میں ہونے والے بارودی سرنگ کے دھماکے میں تیل اور گیس کمپنی ’پاکستان پیٹرولیم لیمیٹڈ‘ (پی پی ایل) کے 3 ملازمین ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق دھماکے سے متاثرہ افراد ڈیرہ بگٹی میں تیل اور گیس کے ذخائر کے حوالے سے سروے کررہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

اس ضمن میں بلوچستان کے نگراں وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی کا کہنا تھا کہ ’دھماکے کے نتیجے میں سروے کرنے والی ٹیم کے 3 اراکین موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ 5 افراد زخمی ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 افراد ہلاک

دھماکے کے فوری بعد لیویز اور فرنٹیئر کور کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کا محاصرہ کرکے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا اور شدید زخمی افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ڈیرہ بگٹی میں قائم کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) پہنچایا گیا۔

ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت عابد حسین، اختر جان اور زکریا خان کے ناموں سے ہوئی، جن کی نماز جنازہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے دفتر میں ادا کرنے کے بعد میتیں سندھ اور پنجاب میں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر:بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر کا گھر دھماکے سے اڑادیا گیا

واقعے میں زخمی ہونے والے افراد میں علی عباس، محمد وقاص، اکمل خان، حفیظ الرحمٰن اور ثناء اللہ شامل ہیں، جو ڈیرہ بگٹی کے سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دے دی گئی۔

تاحال کسی نے بھی اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں جبکہ اس سے قبل علیحدگی پسند گروہوں کی جانب سے بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی جاتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 6 زخمی

یاد رہے کہ حالیہ واقعے سے محض ایک روز قبل بلوچستان کے ضلع آوران میں پیرا ملٹی دستے پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا تھا جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، تاہم ابھی تک کسی نے ان دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔


یہ خبر 4 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی