لائف اسٹائل

’سنجو‘ حقیقت کو سامنے لانے والی فلم‘

اپنی زندگی پر بننے والی فلم دیکھنے کے بعد سنجے دت بھی خاموش نہ رہ سکے۔

بولی وڈ کے بابا سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’سنجو‘ نے ریلیز کے 2 دن میں ہی 75 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔

جہاں اس فلم نے ریکارڈ توڑ کمائی کی ہے، وہیں اس میں رنبیر کپور، پریش راول، وکی کوشل اور دیا مرزا سمیت دیگر اداکاروں کی اداکاری کی بھی تعریف کی جا رہی ہے۔

تاہم سب سے زیادہ تعریف رنبیر کپور کی ہو رہی ہے، جنہوں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے ثابت کردیا کہ وہ خود کو کسی بھی کردار میں ڈھالنے والے اداکار ہیں۔

اگرچہ ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کی اداکاری کی تعریف، عامر خان، کرن جوہر، بومن ایرانی، شبانہ اعظمی اور عالیہ بھٹ سمیت دیگر اداکار بھی کر چکے ہیں، تاہم ان کی شاندار پرفارمنس پر سنجے دت بھی خاموش نہ رہ سکے۔

اپنی نئی فلم ’صاحب بیوی اور گینگسٹر 3‘ کے ٹریلر کے ریلیز کے موقع پر سنجے دت نے ’سنجو‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسے حقیقت پر مبنی فلم قرار دیا۔

دیا مرزا نے فلم میں سنجے دت کی بیوی کا کردار ادا کیا—اسکرین شاٹ

انڈین ایکسپریس کے مطابق سنجے دت کا کہنا تھا کہ ’سنجو‘ ان کی زندگی کے حقائق کو سامنے لانے والی فلم ہے، جب کہ رنبیر کپور سمیت وکی کوشل اور دیگر اداکاروں کی اداکاری جاندار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘ نے لوگوں کو کتنا متاثر کیا؟

انہوں نے فلم ساز راج کمار ہیرانی کی صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا۔

دوسری جانب نیوز 18 کے مطابق آج کل رنبیر کپورسے تعلقات کے حوالے سے خبروں میں رہنے والی عالیہ بھٹ نے بھی ’سنجو‘ میں شاندار اداکاری کرنے پر رنبیر کپور کی تعریف کی، یہاں تک کہ انہوں نے 10 پسندیدہ فلموں میں سے ’سنجو‘ کو پہلے نمبر پر رکھا۔

—اسکرین شاٹ

عالیہ بھٹ نے رنبیر کپور کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’سنجو‘ میں دیگر اداکاروں نے بھی بہترین پرفارمنس دی۔اس سے قبل عامر خان نے بھی ’سنجو‘ دیکھنے کے بعد ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رنبیر کپور اور وکی کوشل کی اداکاری کی تعریف کی تھی۔

مزید پڑھیں: سنجو نے پہلے ہی دن 34 کروڑ کمالیے

عامر خان نے وکی کوشل کی اداکاری کو دماغ ہلانے والی اداکاری قرار دیا۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کے مطابق ’سنجو‘ والد اور بیٹے سمیت ان کے دوستوں کی بہت جذباتی کردینے والی کہانی ہے۔

کرن جوہر، ارشد وارثی، بومن ایرانی اور شبانہ اعظمی نے بھی ’سنجو‘ کی کہانی اور رنبیر کپور کی اداکاری کی تعریف کی۔