کھیل

میسی کی ارجنٹائن ورلڈ کپ سے باہر،فرانس کوارٹر فائنل میں

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ میں فرانس نے ارجنٹائن کو 3-4 سے شکست دے دی.

فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ میں فرانس نے ارجنٹائن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دے کر عالمی کپ کی دوڑ سے باہر کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

کازان ارینا میں کھیلے گئے میچ میں ایونٹ کے پہلے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں دونوں ٹیموں نے ابتدا سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کے گول پر حملے کیے۔

فرانس نے جلد ہی ایک شاندار موو بنائی اور گول سے چند گز کے فاصلے پر فاؤل کے نتیجے میں ریفری نے فرانس کو پینالٹی ایوارڈ کر دی، جس پر گریزمین نے گول میں کوئی غلطی نہ کی۔

اس کے بعد بھی فرانس کو گول کرنے کا ایک اور نادر موقع ملا لیکن گریزمین کی لگائی ہوئی فری ہٹ گول پوسٹ سے لگ کر واپس آ گئی۔

پہلے ہاف کے اختتام سے چند منٹ قبل ارجنٹائن کے اینجل ڈی مریا نے شاندار فری ہٹ پر گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا۔

پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ برابر تھا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی ارجنٹائن نے فرانس کے دفاع کو چیرتے ہوئے حملہ کیا اور کپتان لیونل میسی کی ہٹ ساتھی کھلاڑی گیبریئل مرساڈو کے پیر سے ٹکرا کر گول میں چلی گئی اور یوں ارجنٹائن نے برتری حاصل کر لی۔

تاہم ارجنٹائن کی یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 9 منٹ بعد ہی میچ کے 57ویں منٹ میں بنجیمن پیورڈ نے جاندار کک لگاتے ہوئے گیند کو گول میں پہنچا کر مقابلہ پھر برابر کردیا۔

اس موقع پر فرانس کی ٹیم نے بہترین انداز میں میچ میں واپسی کی اور ارجنٹائن کے کمزور دفاع کا پردہ ایک مرتبہ پھر چاک کرتے ہوئے ایمبائے نے پے درپے 64 ویں منٹ اور 68 ویں منٹ میں دو گول داغ کر اپنی ٹیم کو میچ میں 2-4 کی برتری دلادی۔

اس کے بعد ارجنٹائن نے خسارے کو کم کرنے کی بہت کوشش کی لیکن فرانس کے دفاع نے ان کی ایک نہ چلنے دی۔

میچ کے اختتام سے چند لمحے قبل انجری ٹائم میں میسی کے پاس پر اگویرو نے اپنی ٹیم کے لیے تیسرا گول کرتے ہوئے خسارہ کم کردیا لیکن ان کی یہ کاوش بھی ورلڈ کپ کی سابق رنراپ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

اس شکست کے ساتھ ہی ارجنٹائن کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہو گیا جبکہ فرانس نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ آج رات پرتگال اور یوراگوئے کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح سے ہو گا۔