دنیا

امریکا: مقامی اخبار کے دفتر میں فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک

واشنگٹن کے مشرق میں واقع تاریخی شہر میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں،پولیس

امریکی شہر میری لینڈ میں ایک اخبار کیپٹل گزیٹ کے دفتر میں ہونے والی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوگئے۔

مقامی چینل اے بی سی سیون نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے مشرق میں واقع تاریخی شہر میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

امریکا کے بیورو آف الکوحل، فائر آرمز اینڈ ٹوبیکو کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘کیپٹل گزیٹ کے دفتر میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر جوابی کارروائی اے ٹی ایف بالٹیمور کررہا ہے’۔

فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کاؤنٹی شیروف رون بیٹمین کا کہنا تھا کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے ۔

خیال رہے گزشتہ ماہ 18 مئی کو امریکا کی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ سمیت 10 طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے۔

فائرنگ کا واقعہ ہوسٹن سے 50 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع سینٹا فے ہائی اسکول میں پیش آیا۔

رواں سال کے اوائل میں فلوریڈا کی ہائی اسکول میں فائرنگ سے 17 طلبہ ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں ’گن کنٹرول‘ کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔