کھیل

امارات میں افغان لیگ کے انعقاد کی منظوری، پاکستان کو تشویش

امارات کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ کر اپنی سرزمین پر افغانستان پریمیئر لیگ کرانے کی منظوری کا اعلان کیا۔

متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں میچز کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان اور امارات کرکٹ بورڈ کے مذاکرات کے ایک دن بعد ہی اماراتی حکام نے اپنی سرزمین پر افغان لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔

گزشتہ روز ہی امارات کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان اور امارات کے درمیان یو اے ای میں میچز کے انعقاد پر جاری تنازع حل ہو گیا ہے اور اب پاکستان کے تمام انٹرنیشنل میچز اور پی ایس ایل کا انعقاد عرب سرزمین پر ہی ہو گا۔

تاہم اس اعلان کے اگلے ہی دن افغانستان کی ٹی20 لیگ کی منظوری دینے کا اعلان کردیا گیا۔

امارات کرکٹ بورڈ کے مطابق آئی سی سی کو بھیجے گئے خط میں آگاہ کردیا ہے کہ ہم نے متحدہ عرب امارات میں رواں سال کے ماہ اکتوبر میں افغانستان پریمیئر لیگ کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے اور اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: تنازع حل، پاکستان، متحدہ عرب امارات میں میچز کے انعقاد پر رضامند

بیان میں مزید کہا گیا کہ 5 سے 23 اکتوبر تک شیڈول ایونٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں 5 ٹیمیں شرکت کریں گی جس میں افغانستان کے مقامی کرکٹرز کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بھی شرکت کا امکان ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور امارات کے کرکٹ بورڈز کے درمیان کامیاب مذاکرات میں پاکستان نے اپنے ایونٹس اور میچز کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اماراتی حکام نے میچز کے دوران آنے والے اخراجات خصوصاً اسٹیڈیم کے کرائے میں بھی کمی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے اس بات پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی کہ پاکستان کے ٹی20 اور ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے ساتھ ساتھ پاکستان سپر لیگ کے دوران متحدہ عرب امارات کسی بھی لیگ کی میزبانی نہیں کرے گا۔

تاہم اب افغانستان پریمیئر لیگ کے انعقاد کے ساتھ ساتھ مذکورہ لیگ کے پاکستان کے ساتھ میچز سے ٹکراؤ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ پاکستان کو امارات میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنی ہے، خصوصاً آسٹریلیا سے سیریز اکتوبر میں ہی شیڈول ہے جس سے پاکستان کے مالی مفادات کو دھچکا پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بورڈ کو اصل تشویش اس بات کی ہے کہ پاکستان کے ون ڈے اور ٹی20 میچز افغان لیگ سے نہ ٹکرائیں البتہ اگر لیگ کے میچز پاکستان کے ٹیسٹ میچوں کی تاریخوں سے ٹکراتے ہیں تو پی سی بی کو کوئی مسئلہ نہیں۔

آفیشل نے مزید بتایا کہ امارات کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کے ون ڈے اور ٹی20 میچز کی تاریخوں میں افغان لیگ کا کوئی بھی میچ منعقد نہیں ہو گا۔

دوسری جانب پی سی بی نے اپنے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو امارات ٹی20 لیگ میں شرکت کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ افغان لیگ میں کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے فیصلہ لیگ کی تاریخیں منظر عام پر آنے کے بعد کیا جائے گا۔