ماہرہ کی جگہ مایا علی ’پرے ہٹ لو‘ کی مرکزی اداکارہ
اداکارہ ماہرہ خان اور شہریار منور کی جوڑی کو فلم ’سات دن محبت ان‘ میں بےحد پسند کیا گیا تھا، تاہم اب ان دونوں کو ایک ساتھ آنے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں دیکھا نہیں جائے گا۔
یہ دونوں ہدایت کار عاصم رضا کی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں کام کرنے والے تھے، لیکن اب ہدایت کار نے بتایا کہ ماہرہ خان ان کی فلم کا حصہ نہیں بن پائیں گی۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے عاصم رضا نے تصدیق کی کہ ماہرہ خان ان کی فلم کا حصہ نہیں ہوں گی، جس کی وجہ اداکارہ کا مصروف شیڈول ہے۔
مزید پڑھیں: ماہرہ خان کی رومانوی کہانی ’پرے ہٹ لو‘
عاصم رضا کے مطابق ’ہمارے لکھاری کی خراب صحت کے باعث فلم کی شوٹنگ مؤخر ہوئی، تاہم اب ہم واپس اس کا آغاز کررہے ہیں، لیکن ماہرہ کے پاس ان تاریخوں میں وقت نہیں جس کی وجہ سے کاسٹ میں تبدیلی کی جارہی ہے‘۔
رپورٹس کے مطابق اس فلم میں ماہرہ خان کی جگہ اب مایا علی نے لے لی ہے، جو کہ ’پرے ہٹ لو‘ میں مرکزی اداکارہ کا کردار کرتی نظر آئیں گی۔