‘ایران کو جوہری ہتھیار بنانے پر دنیا کا قہر برداشت کرنا پڑےگا‘
واشنگٹن: امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے ایران کو جوہری ہتھیار کی تیاری سے متعلق خبردار کیا ہے۔
واشنگٹن نے واضح کیا کہ اگر ایران نے جوہری منصوبے پر کام بند نہیں کیا تو پوری دنیا کا قہر برداشت کرنے کے لیے تیار ہو جائے، اور اگر منصوبے پر عمل سے باز رہتا ہے تو امریکا کو کسی ملک کے خلاف عسکری کارروائی کی ضرورت نہیں رہےگی۔
یہ بھی پڑھیں: مائیک پومپیو کا آرمی چیف کو ٹیلی فون، افغانستان میں سیاسی مفاہمت پر تبادلہ خیال
سیاسی تجزیہ کار کو دیئے جانےو الے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ عالمی معاہدہ کی صورت کچھ بھی ہو لیکن جوہری ہتھیارتہران کے مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘مجھے امید ہے تہران کو سمجھ میں آگیا کہ اگر انہوں نے جوہری منصوبہ لپیٹ کر نہیں رکھا تو پوری دنیا کا غصہ ان پر گرے گا‘۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ’اگر انہوں نے مزید چند ایک سینٹری فیوجز کا استعمال کیا اور ہتھیار بنانے کا منصوبہ شروع کیا تو پوری دنیا کے لیے یہ ناقابل برداشت ہوگا اور یقیناً یہ ایران کے مفاد میں بالکل ٹھیک نہیں ہوگا‘۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’میں ایران کے خلاف امریکی عسکری کارروائی کی بات نہیں کررہا‘۔
مزید پڑھیں: ‘امریکی سفارتکاروں کے ساتھ برا سلوک والا بیان حقائق پر مبنی نہیں‘
سیکریٹری اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ ’جب میں غصے کی بات کررہا ہوں تو اسے عسکری کارروائی نہیں سمجھا جائے بلکہ میرا مطلب ایران پر انتہائی سخت اقتصادی پابندیاں ہیں، مجھے امید ہے ایسا کچھ نہیں ہوگا کیونکہ یہ کسی کے مفاد میں بھی اچھا نہیں ہوگا‘۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ’امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان اس ضمن میں بالکل واضح ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کر سکے گا‘۔
یہ خبر 24 جون 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی