پاکستان

نازیبا گفتگو پر ریحام اور ارمینا خان کا شیخ رشید کو کرارا جواب

شیخ رشید نے ٹی وی پروگرام میں ریحام خان اور فلم انڈسٹری کے خلاف ناشائستہ گفتگو کی تھی۔

عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) کے سربراہ شیخ رشید اپنی گفتگو اور حاضر جوابی کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے ہی شاید وہ آئے روز ٹی وی اسکرین پر نظر آتے ہیں۔

شیخ رشید نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے نجی ٹی چینل ’روز ٹی وی‘ کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان سمیت فلم انڈسٹری کے خلاف نازیبا گفتگو کی تھی۔

اگرچہ اسی پروگرام میں شیخ رشید نے نواز شریف اور آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی مخالفین کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی، تاہم انہوں نے دیگر مخالفین کے خلاف بات کرتے ہوئے شائستگی کا مظاہرہ کیا۔

پروگرام کے میزبان ایس کے نیازی کی جانب سے انتخابات سے قبل ہی ریحام خان کی شائع ہونے والی کتاب سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے نازیبا گفتگو کرتے ہوئے انہیں ایک ہزار طوائفوں سے بھی بدتر قرار دیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس دن عمران خان نے ریحام خان سے شادی کی تھی، انہوں نے اسی دن ہی سر پکڑ کر پی ٹی آئی چیئرمین کو مستقبل کے خطرات سے آگاہ کردیا تھا۔

پروگرام کے دوران شیخ رشید نے جارحانہ گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے بھی ناشائستہ زبان استعمال کی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ فلم انڈسٹری میں ایک سے بڑھ کر ایک اسٹار کو جانتے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب وہ وزیر اطلاعات تھے تو ان کے محکمے میں فلم انڈسٹری بھی آتی تھی، جو سب سے بے اصول انڈسٹری ہے۔

—اسکرین شاٹ

شیخ رشید کی ایسی گفتگو پر ریحام خان نے ان کے انٹرویو کی ویڈیو کلپ ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس شخص کو سپریم کورٹ کی جانب سے صادق اور امین کی حیثیت دے دی گئی ہے۔

ریحام خان نے ٹوئیٹ میں سوال کیا کہ کیا سپریم کورٹ اس معاملے کا نوٹس لے گی؟ ساتھ ہی انہوں نے درخواست کی کہ پاکستان سے اس گند کو ختم کیا جائے۔

—اسکرین شاٹ

دوسری جانب پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے بھی شیخ رشید کی گفتگو پر انہیں ٹوئٹر پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کرارا جواب دیا۔

ارمینا خان نے سلسلہ وار ٹوئیٹس کیں جن میں سے ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے شیخ رشید کی گفتگو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’یہ شخص کون ہے، اور یہ فلم انڈسٹری کے لیے ایسا نازیبا گفتگو کیوں کر رہا ہے اور سب سے اہم بات یہ کہ اسے اس طرح کی گفتگو کرنے کی اجازت کس نے دی؟

دوسری ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ اس شخص کی گفتگو پر خود کو شر مندہ محسوس کر رہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے شیخ رشید کی گفتگو سے خود کو پہنچنے والی تکلیف کے بارے میں لکھتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ جیسے ملک میں ایسے لوگوں کو عوامی دفاتر کے سامنے سے گزرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔

—اسکرین شاٹ