Live Election 2018

کچھ حلقوں میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی تبدیلی کا فیصلہ

پارلیمانی بورڈ کی جانب سے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف دی گئی زیادہ تر درخواستوں پرنظر ثانی کی جاچکی ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے مزید حلقوں میں امیدواروں کو ٹکٹ دینے اور کارکنان کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف دی گئی درخواستوں پر نظرثانی کرنے کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے کئی اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور اداروں کے سربراہان کی برطرفی کے مطالبے کے بعد اب گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ سامنے آیا ہے، پی ٹی آئی کےمطابق گورنر مبینہ طور پر صوبے کے سیاسی معاملات میں مداخلت کررہے ہیں۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پارلیمانی بورڈ کی جانب سے کچھ حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف دی گئی زیادہ تر درخواستوں پرنظر ثانی کی جاچکی ہے، انہوں نے انکشاف کیا کہ پارٹی نے کچھ حلقوں میں امیدوار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم حتمی امیدواروں کا باضابطہ اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔

اس حوالے سے جب پی ٹی آئی کے ایک سینیئر رہنما اسحاق خاکوانی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر شکایتیں سنجیدہ نوعیت کی نہیں تھیں، زیادہ تر افراد نے درخواستوں میں دعویٰ کیا کہ ٹکٹس، پارٹی سے طویل عرصے کی وابستگی کو دیکھتے ہوئے دیے گئے تاہم کچھ درخواستوں میں سنجیدہ شکایات موجود تھیں جنہیں حل کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ خبر :

تحریک انصاف کا کچھ حلقوں میں امیدوار تبدیل کرنے کا فیصلہ

رپورٹ! عامر وسیم