سام سنگ کی تاریخ کا مہنگا ترین اسمارٹ فون
سام سنگ کا رواں سال کے دوران دوسرا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 9 اگست تک سامنے آئے گا، تاہم جہاں تک اس میں نمایاں اپ ڈیٹ اور فیچرز کی بات ہے تو ہوسکتا ہے کہ وہ اتنی بہترین نہ ہو، کیونکہ جنوبی کورین کمپنی اس سے ہٹ کر زیادہ حیران کن ڈیوائس پر کام کررہی ہے جو کہ بہت مہنگی بھی ہوگی۔
جی ہاں اگلے سال کے شروع میں سام سنگ کی جانب سے دنیا کا پہلا لچکدار یا فولڈ ایبل ڈسپلے والا اسمارٹ فون 'گلیکسی ایکس' (ممکنہ نام) متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو کہ اسمارٹ فونز مارکیٹ کو بدل دے گا اور اگر نئی رپورٹ پر یقین کیا جائے تو اس کی قیمت لگ بھگ 2 ہزار ڈالرز (سوا 2 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں : سام سنگ کا نیا گلیکسی فون ایک نہیں 3 اسکرینوں کے ساتھ؟
امریکی جریدے فوربس کی ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ کا یہ 'انقلابی' اسمارٹ فون 1850 ڈالرز یا اس سے زائد کا ہوسکتا ہے اور یہ جنوبی کورین کمپنی قیمت کم کرنے کی جتنی بھی کوشش کرے، وہ اس میں زیادہ کمی نہیں کرسکتی۔
اگر تو آپ اتنی رقم خرچ کرنے کے لیے تیار ہوں گے تو کمپنی یہ وعدہ ضرور کرے گی کہ ایسا فون کوئی اور نہیں ہوگا۔