7 دن محبت اِن، جادوئی مناظر والی ایک منفرد فلم
کیا آپ ماہرہ خان سے توقع کر سکتے ہیں کہ وہ آپ کو ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہونے پر مجبور کر دیں گی؟
مجھے تو ایسی توقع نہیں تھی۔
ان کے ادا کردہ ہر کردار کو دیکھ کر یہ واضح ہوتا جارہا ہے کہ وہ آسانیوں سے باہر نکل کر خود کو بطور اداکار آگے لے کر جانا چاہتی ہیں۔
’ورنہ‘ میں اپنے کردار سے انہوں نے ثابت کیا کہ وہ صرف مرد کی تلاش میں سرگرداں ایک پریشان حال خاتون نہیں، بلکہ حالات سے لڑنا جانتی ہیں۔ رہئس میں ہم نے انہیں شاہ رخ کے مقابل سنجیدہ اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے دیکھا، اور سات دن محبت اِن (7DMI) میں ماہرہ خان مزاحیہ کردار ادا کرتی نظر آتی ہیں۔
ہاں واقعی میں وہ مزاحیہ ہیں، اتنی زیادہ کہ ہنس ہنس کر آپ کے پیٹ میں بل پڑ جائیں گے اتنی مزاحیہ۔ مجھے نیلی کا ہنس مکھ اور دلفریب کردار نہایت بھایا جسے اپنے کزن سے محبت ہے، مگر ہم اس پر بعد میں آئیں گے۔
کہانی کا پس منظر
اس عید پر سب سے زیادہ انتظار اسی فلم کا کیا جا رہا تھا۔ اس میں ہماری ملاقات ٹیپو (شہریار منور) سے ہوتی ہے، ایک 29 سالہ بے وقوف، مضحکہ خیز سا لڑکا جو اپنی سخت گیر ماں (حنا دلپذیر) اور اپنی پرعزم کزن نیلی (ماہرہ خان) کے ساتھ رہتا ہے۔ اس کی ایک جیولری اسٹور پر ایسی ملازمت ہے جس میں آگے بڑھنے کا کوئی امکان نہیں، اور وہ صدر کے گنجان آباد علاقے میں رہتا ہے اور یہی کہانی کا نمایاں پس منظر ہے۔
ہم بڑی اسکرین پر کراچی کے چمک دھمک والے مناظر دیکھنے کے عادی ہو چکے ہیں (ہو من جہاں، تھوڑا جی لے، اور فہرست طویل ہوجائے گی) مگر 7DMI ہمیں شہر کے مرکز میں لوگوں کی روز مرہ زندگی قریب سے دکھاتی ہے۔ فلم کی منظر کشی دیکھ کر نامعلوم افراد کی یاد آتی ہے جو کہ حیران کن نہیں کیوں کہ دونوں کی سنیماٹوگرافی رانا کامران نے کی ہے۔
بنیادی طور پر 7DMI ایک رومانوی مزاحیہ فلم ہے جس میں سحر انگیز عناصر بھرپور انداز میں شامل کیے گئے ہیں، اور اسے ایک ایسی کہانی بھی کہہ سکتے ہیں جس میں اداکاروں کی عمریں بڑھتی ہوئی دکھائی جاتی ہیں، بس یہ کہ مرکزی کردار جوانی کو پہنچتا کوئی ٹین ایجر نہیں ہے، مگر وہ دکھتے ایسے ضرور ہیں۔
سچی محبت کی تلاش اور 'زیرو سے ہیرو' بننے کی خواہش میں اس کی ملاقات ایک چالاک جن دوارکا پرساد (جاوید شیخ) سے ہوتی ہے جو اسے ایسا چیلنج دیتا ہے جو ٹیپو کے لیے مکمل کرنا ناممکن ہوتا ہے (کیوں کہ اسے پھنسانا ہی دوارکا پرساد کا مقصد ہوتا ہے): ٹیپو کو ایک ہفتے کے اندر چہرے پر تِل والی لڑکی ڈھونڈ کر اسے اپنی محبت میں گرفتار کرنا ہوگا ورنہ اسے باقی پوری زندگی دوارکا کے غلام کے طور پر گزارنی ہوگی۔