افغانستان: سیز فائر کے دوران خودکش حملہ، 26 افراد ہلاک
جلال آباد: جنگ زدہ افغانستان میں سیز فائر کی خوشی منانے والے افغان طالبان، سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے مجمع میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ابتدائی طور پر صوبہ ننگرہار کے ضلع رودات میں حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا جس میں 16 افراد زخمی بھی ہوئے، تاہم افغان سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملے میں ’داعش‘ ملوث ہے۔
صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ ’خودکش بمبار نے خود کو عام شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان دھماکے سے اڑا لیا جو سیز فائر کی خوشی منا رہے تھے۔
صوبائی ڈائریکٹر صحت نجیب اللہ کماوال نے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ حملے کے 25 زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کا 17 سال میں پہلی بار جنگ بندی کا اعلان