پاکستان

جیکب آباد: غیرت کے نام پر دو بچوں کی ماں قتل

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ریاست کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرا دی۔

سندھ کے ضلع جیکب آباد کی تحصیل جاکھرانی کے قریبی گاوں میں غیرت کے نام پر دو بچوں کی ماں کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔

دوداپور پولیس اسٹیشن کے ہیڈ محرر محمد رفیق چنا کا کہنا تھا کہ ملزم کی شناخت کریم داد جاکھرانی کے نام سے ہوئی ہے جس نے اپنی بھابھی کو اپنے کزن سے ناجائز تعلق کے شہبے میں دونوں کو گولی مار دی۔

ملزم گولی مارنے کے بعد جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال جیبکب آباد اور تحصیل ہسپتال گھاری منتقل کردیا جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:قمبر و شہداد کوٹ: غیرت کے نام پر ملزم نے بیوی اور اس کے آشنا کو قتل کردیا

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد ریاست کی مدعیت میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر دی۔

خیال رہے کہ سندھ سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی غیرت کے نام پر قتل کے واقعات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں۔

اس سے قبل رواں سال 12 مارچ کو سندھ کے ضلع قمبر و شہداد کوٹ کے علاقے محمد نواز مگسی گاؤں میں اہلیہ اور ان کے مبینہ آشنا کو قتل کرنے والے ملزم گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ملزم پر اپنی 18 سالہ اہلیہ کو 19 سالہ لڑکے کو مبینہ تعلقات پر قتل کرنے کا الزام ہے۔

13 مارچ کو صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں بیٹے کی غیرت کے نام پر سوتیلی ماں کو قتل کی کوشش میں کی گئی فائرنگ سے 60 سالہ باپ محمد اشفاق ہلاک ہوگیا۔

25 فروری کو سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں خاتون اور ان کے مبینہ آشنا کو سوتیلے بیٹے نے ’غیرت کے نام‘ پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

23 فروری کو شکارپور سے 80 کلومیٹر کی مسافت پر واقع قیصر جتوئی گاؤں میں ایک شخص اور تین بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر ناجائز تعلقات رکھنے کے الزام میں غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔