پاکستان

ملک ریاض کے مبینہ فرنٹ مین کے خلاف کیس راولپنڈی سے لاہور منتقل

کیس میں شکایت گزار نے راولپنڈی کے جج پر عدم اعتماد اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جانب دار ہیں۔
|

پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے مبینہ فرنٹ مین فضل انعام عرف سائیں انعام کے خلاف کیس کو شکایت گزار کی جانب سے اینٹی کرپشن کے جج پر عدم اعتماد ظاہر کرنے پر راولپنڈی سے لاہور منتقل کردیا گیا۔

قبل ازیں شکایت گزار عمیر نے، جو اسلام آباد کے روات کے علاقے کے رہائشی ہیں جہاں سے 732 کنال اراضی غیر قانونی طور پر انعام کے نام کی گئی تھی، دعویٰ کیا کہ اینٹی کرپشن سرکل راولپنڈی کے جج مشتاق احمد تارڑ اس کیس میں ملزم کے حق میں جانب دار ہیں۔

شکایت گزار کے مطابق جج نے 11 جون کو انعام اور سہیل مقصود کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست کو منظوری کرتے ہوئے انہیں تحریری نوٹس بھیجنے کے بجائے فون کال کے ذریعے سماعت کے حوالے سے بتایا تھا۔

مزید پڑھیں: ملک ریاض کے فرنٹ مین کے ’ساتھیوں‘ کا عدالت میں شکایت کنندہ پر تشدد

11 جون کو ملزم کی ضمانت کے سماعت کے موقع پر مدعی نے وکیل کرنے کا وقت مانگا جس پر جج نے ملزم کو صرف 10 منٹ کا وقت دیا بعد ازاں مدعی کے وکیل کرنے پر عدالت نے 12 جون کو درخواست ضمانت پر بحث کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

ان واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے عمیر نے لاہور میں اینٹی کرپشن کے سینیئر اسپیشل جج کو کیس کی سماعت کرنے کی گزارش کی جسے منظور کرلیا گیا۔

12 جون کو عمیر کے وکیل نے لاہور کے اینٹی کرپشن کے اسپیشل جج کے جواب نامے کے ساتھ عدالت میں درخواست جمع کرائی جس پر جج مشتاق احمد تارڑ کا کہنا تھا کہ لاہور کے اسپیشل جج کے جواب میں ضمانت کی درخواست پر اسٹے آرڈر نہیں دیا گیا ہے۔

انہوں نے استغاثہ کو اس حوالے سے تحریری جواب، جس میں صاف الفاظ میں لکھا گیا ہو کہ ضمانت کی درخواست لاہور کے اسپیشل جج سنیں گے، جمع کرانے کے لیے 14 جون تک کا وقت دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: ملک ریاض کے مبینہ ’فرنٹ مین‘ کی گرفتاری

بعد ازاں عمیر کے وکیل نے عدالت میں حکم امتناع جمع کرایا جس کے بعد راولپنڈی کی عدالت نے ضمانت کی درخواست سننے سے انکار کردیا جسے اب 21 جون کو لاہور کی اینٹی کرپشن کے اسپیشل جج کی جانب سے سنا جائے گا۔

واضح رہے کہ سائیں انعام کو اینٹی کرپشن سرکل کی جانب سے اسلام آباد کے روات کے علاقے میں اربوں روپے مالیت کے 732 کینال اراضی غیر قانونی طور پر بغیر کسی ریونیو ریکارڈ کے اپنے نام کرانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔

حکام نے انعام کے ساتھی فضل ارشد اور ریوینیو ڈپارٹمنٹ کے ملازم الیاس کو بھی انعام کے نام زمین کرنے کے کام میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔