’سنجو‘ کے قابل اعتراض سین کے خلاف شکایت درج
بولی وڈ بابا سنجے دت کی زندگی پر بنائی فلم ’سنجو‘ کے ٹریلر اور گانوں نے جہاں فلمی مداحوں کی بے تابی کو بڑھایا ہے، وہیں اس فلم کے ٹریلر کے کچھ مناظر نے بعض افراد کو تکلیف بھی پہنچائی ہے۔
فلم کے ٹریلر میں قابل اعتراض مناظر دکھانے پر ایک بھارتی سماجی کارکن پرتھوی مشیک نے فلم کے خلاف شکایت کر ڈالی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پرتھوی مشیک نامی شخص نے بھارت کے فلم سینسر بورڈ ’سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن‘ (سی بی ایف سی) کو ایک خط لکھ کر ’سنجو‘ کے ایک منظر پر اعتراض اٹھایا۔
پرتھوری مشیک کی جانب سے سی بی ایف سی کے چیئرمین کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’سنجو‘ کے ٹریلر میں ایک نامناسب سین دکھایا گیا ہے، جو غیر حقیقی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘ کے رنبیر کو دیکھ کر لوگ سنجے بھول جائیں گے
خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کے ٹریلر میں دکھائے گئے منظر کو اس فلم سے قبل کسی بھی بھارتی فلم میں اس طرح نہیں دکھایا گیا، کیوں کہ درحقیقت بھارت بھر کی کسی بھی جیل میں آج تک ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
خط میں ’سنجو‘ کے اس منظر کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں فلم کے مرکزی اداکار یعنی رنبیر کپور کو جیل میں قید دکھایا گیا ہے اور اس دوران ان کی بیرک میں ’ٹوائلٹ‘ کا انسانی فضلے سے ملا پانی داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔