سائنس فکشن فلم جیسی ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان ملاقات
شمالی کوریا و امریکا: اختلافات سے ملاقات تک
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان کے درمیان 12 جون 2018 کو جنوب مشرقی ایشیا کے جزیرہ نما ملک سنگاپور میں ہونے والی ملاقات کو عالمی تعلقات اور سیاست پر نظر رکھنے والے افراد سائنس فکشن اور فنٹیسی فلم کے مناظر کی طرح دیکھ رہے ہیں۔
دنیا کے 2 ایسے رہنماؤں کے درمیان اچانک خوشگوار موڈ میں ہونے والی ملاقات لوگوں کے لیے اس لیے بھی باعث تجسس رہی، کیوں کہ محض 12 ہفتے قبل یہ دونوں رہنما ایک دوسرے کو ’پاگل‘ اور ’نا سمجھ‘ جیسے خطاب دے چکے تھے۔
یہ ملاقات عہدے پر براجمان رہنے والے کسی بھی شمالی کوریا اور امریکی سربراہان کے درمیان ہونے والی پہلی ملاقات تھی، اس لیے بھی اس ملاقات کو تاریخی قرار دیا گیا۔
اس ملاقات سے قبل امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر اور شمالی کوریا کے سابق سربراہ کم سنگ کے درمیان 24 سال قبل جون 1994 میں ملاقات ہوچکی ہے، جسے امریکی حکام نے نجی ملاقات قرار دیا تھا۔