علاالدین مری کون ہیں؟
حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی میں اختلاف کے بعد الیکشن کمیشن (ای سی پی) کی جانب سے منتخب کردہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاالدین مری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ان سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کوئٹہ میں منعقدہ تقریب دوران حلف لیا۔
بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ علاالدین مری 28 فروری 1979 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم تعمیر نو پبلک سکول میں حاصل کی،اس کے بعد ایف ایس سی بھی تعمیر نو کالج سے جبکہ گریجویشن بلوچستان یونیورسٹی سے کیا۔
میر علاالدین مری سابق بیوروکریٹ غلام محی الدین مری کے صاحبزادے ہیں، علاالدین مری بنیادی طور پر تاجر ہیں اور تجارت میں وسیع تجربہ رکھنے کے باعث 2012 تا 2014 تک چیئرمین پاکستان یورپین بزنس کونسل ایف پی سی سی آئی کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
علاالدین مری کی کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی نہیں رہی اور وہ بلوچستان میں حالیہ سینٹ انتخابات میں بھی آزاد حیثیت سے کھڑے ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔