پاکستان

چیف جسٹس کا کیبل آپریٹرز کے خلاف عید سے قبل ہی کارروائی کا حکم

یہ لوگ فحش مواد دکھائیں گے، تمام ہائی کورٹس غیرملکی مواد سے متعلق تمام معاملات 10 روز میں نمٹائیں، چیف جسٹس کی ہدایت

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کیبل آپریٹرز کے خلاف دو دن میں کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ عید کے دوران فحاشی دکھائیں گے اس لیے پہلے ہی کارروائی کی جائے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری میں ٹی وی چینلز میں غیر ملکی مواد نشر کرنے کے معاملے پر سماعت کی۔

چیف جسٹس نے سماعت کے دوران مقررہ حد سے زیادہ غیر ملکی مواد دکھانے والے ٹی وی چینلز اور کیبل آپریٹرز کے خلاف دو دن میں کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ یہ لوگ عید پر خوب فحاشی دکھائیں گے اس لیے پہلے ہی کارروائی کریں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 38 انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینلز کو لائسنس جاری کیے گئے ہیں اور رپورٹ کے مطابق 23 چینلز غیر ملکی مواد دکھاتے ہیں۔

عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق چینلز کو دس فیصد غیرملکی مواد نشر کرنے کی اجازت ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہم ٹی وی سارا دن بھارتی شو دکھاتا ہے، جیو والے بھی بھارتی مواد دکھاتے رہتے ہیں، کیبل والے بھی سارا دن بھارتی فلمیں دکھاتے ہیں’۔

انھوں نے کہا کہ ‘پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اس حوالے سے کارروائی کیوں نہیں کرتا’۔

چیئرمین پیمرا نے کہا کہ ہم کارروائی کرتے ہیں مگر چینلز ہائی کورٹ سے فیصلے پر عمل درآمد رکوا دیتے ہیں۔

جس کے بعد چیف جسٹس ثاقب نثار نے تمام ہائی کورٹس کو غیرملکی مواد سے متعلق تمام مقدمات 10روز میں نمٹانے کا حکم دے دیا۔