کھیل

معاوضے نہ ملنے پر زمبابوین کھلاڑیوں کی سیریز کے بائیکاٹ کی دھمکی

زمبابوے نے 3ماہ سے کھلاڑیوں کو معاوضے نہیں دیے جس کے سبب زمبابوے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز خطرے میں پڑ گئی۔

ہرارے: زمبابوین کھلاڑیوں نے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر سہ ملکی ٹی20 سیریز کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی جس کے بعد میزبان زمبابوے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔

پاکستان، آسٹریلیا اور میزبان زمبابوے کے درمیان سہ ملکی سیریز یکم جولائی سے 8 جولائی تک شیڈول ہے لیکن معاوضوں کی عدم ادائیگی پر زمبابوین کھلاڑیوں نے سیریز نہ کھیلنے کی دھمکی دے دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ نے گزشتہ تین ماہ سے کھلاڑیوں کو تنخواہ اور میچ فیس ادا نہیں کی جس پر کھلاڑیوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

کھلاڑیوں نے بورڈ کو 25 جون تک ان کے تمام تر بقایاجات ادا کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر بورڈ نے مطالبات پورے نہ کیے تو ہم سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کا بائیکاٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ کھلاڑی پہلے ہی احتجاجاً سیریز کی تیاری بھی نہیں کر رہے جس کی وجہ سے سیریز کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔

زمبابوین کرکٹ کے ترجمان کے مطابق مالی بحران کے باوجود بورڈ حکام مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور امید ہے کہ رواں ہفتے ہی کھلاڑیوں کو ادائیگی شروع کر دی جائے گی۔