پاکستان

ملک ریاض کے فرنٹ مین کے ’ساتھیوں‘ کا عدالت میں شکایت کنندہ پر تشدد

اینٹی کرپشن کے جج نے فضل انعام عرف سائیں انعام کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
|

راولپنڈی: ملک ریاض کے فرنٹ مین انعام اکبر عرف سائیں انعام کی اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے دوران ان کے ساتھیوں نے شکایت کنندہ پر تشدد کیا۔

راولپنڈی میں اینٹی کرپشن سرکل نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے مبینہ فرنٹ مین انعام اکبر عرف سائیں انعام کو کروڑوں روپے مالیت کی 732 کنال اراضی جعلی طریقے سے اپنے نام ٹرانسفر کرانے کے کیس میں سپیشل جج اینٹی کرپشن مشتاق احمد تارڑ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پیشی کے دوران سائیں انعام کے ’ساتھیوں‘ نے شکایت کنندہ سید ناصر عباس پر بدترین تشدد کیا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: ملک ریاض کے مبینہ ’فرنٹ مین‘ کی گرفتاری

شکایت کنندہ پر تشدد کے واقعے کے بعد اسپیشل جج اینٹی کرپشن نے پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا جس پر ڈی ایس پی سول لائنز اور ایس ایچ او سول لائنز پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔

پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے شکایت کنندہ کو اپنے ساتھ تھانہ لے گئی جبکہ شہری پر تشدد کرنے والے مبینہ فرنٹ مین کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔

اینٹی کرپشن حکام نے سائیں انعام کے ساتھ شریک ملزم فضل ارشد اور حلقہ پٹواری الیاس کو عدالت پیش کرکے موقف اپنایا کہ ملزمان نے کروڑوں روپے کی اراضی جعلی اشٹامپ پیپر پر اپنے نام منتقل کرائی اور اس سارے معاملے میں گرداور قاضی سجاد اور تحصیل دار سہیل مقبول بھی شامل ہیں اور یہ دونوں ملزمان ابھی تک فرار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک ریاض کے خلاف ’زمین کے قبضے‘ کا مقدمہ

اسپیشل جج اینٹی کرپشن مشتاق احمد تارڑ نے 732 کنال اراضی کی منتقلی میں ملوث ملک ریاض کے مبینہ فرنٹ سمیت تینوں ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

دوسری جانب سائیں انعام کے ساتھیوں کی جانب سے شہری ناصر عباس کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائنز پولیس نے بھی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے پولیس نے شہری کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کےمطابق موضع مغل میں 732 کنال شاملاتی اراضی فضل انعام صابر نے غیر رجسٹرڈ ڈیڈ کے ذریعے فضل ارشد کے نام کی اور عدالت سے اپنے حق میں ڈگری بھی حاصل کر لی۔

مزید پڑھیں: بلیک میلنگ سے تنگ ملک ریاض کی میڈیا میں انٹری

حکام کےمطابق روات کے قریب شاملاتی اراضی کو ٹرانسفر کرانے کے لیے دونوں ملزمان نے ریونیو کے ریکارڈ کے بغیر پٹواری، گرداور اور تحصیلدار کے ساتھ ملکر ٹرانسفر کرا لی۔

انہوں نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے پر جب انکوائری کی گئی تو ملزمان کو قصوروار پائے جانے پر مقدمہ درج کر کے پٹواری سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔