اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے اسکاٹ لینڈ سے 2 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کیا۔
چیف سلیکٹر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے والے اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے جبکہ انجری کا شکار ہونے والے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کی جگہ بائیں ہاتھ کے بلے باز حارث سہیل کو شامل کرلیا گیا۔
پاکستان ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین 2 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 12 جون جبکہ دوسرا میچ 13 جون کو کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس وقت پاکستان ٹیم دورہ آئرلینڈ، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے لیے برطانیہ میں موجود ہے۔
آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان فاتح
پاکستان نے امام الحق کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ کو ان کی تاریخ کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز 310رنز 9 کھلاڑی پر آؤٹ ڈکلیئر کی تو آئش ٹیم اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں صرف 130 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی جس کے بعد پاکستان نے 16سال بعد کسی ٹیم کو فالو آن کرایا۔
فالو آن کے بعد کیون اوبرائن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ نے قدرے بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری اننگز میں 339 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں: آئرلینڈ کو تاریخی ٹیسٹ میں شکست
پاکستان کو دوسری اننگز میں 160 رنز کا ہدف ملا لیکن اس کے تعاقب میں مہمان ٹیم صرف 14رنز پر 3 وکٹوں سے محروم ہو گئی لیکن نوجوان امام الحق اور بابر اعظم میزبان باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔
دونوں نے سنچری شراکت بنا کر ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا اور پاکستان نے میچ میں 5وکٹ سے فتح حاصل کر لی۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز 1-1 سے برابر
بعدِ ازاں پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میزبان ٹیم کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جو 1-1 سے برابر رہی۔
پاکستان نے لارڈز کے میدان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو شاندار باؤلنگ اور بیٹنگ کی بدولت چاروں شانے چت کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے زیر کردیا تھا۔
دوسرے میچ لیڈز کے مقام پر کھیلا گیا جہاں ابتدا سے ہی پاکستان ٹیم میزبان انگلینڈ کے باؤلز کے دباؤ میں نظر آئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان 134 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ اننگز اور 55 رنز سے فاتح
انگلش باؤلرز نے ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 174 رنز پر آؤٹ کردیا، جبکہ اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز اسکور کرکے 189 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔
پاکستان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کی وکٹیں خزاں رساں پتوں کی طرح گرتی رہی اور پوری ٹیم 134 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ نے دوسرا ٹیسٹ میچ اننگز اور 54 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔