’ویرے دی ویڈنگ‘ کا پہلے ہی دن کمائی کا ریکارڈ
سونم کپور، کرینہ کپور، سوارا بھاسکر اور شیکھا تلسانی کی بولڈ کامیڈی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ نے پہلے ہی دن توقعات پر اترتے ہوئے اچھی کمائی کرکے کئی فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
چار سہیلیوں اور ان کی شادی کے مسائل کے گرد گھومنے والی اس فلم کو بھارت سمیت دنیا بھر میں یکم جون کو ریلیز کیا گیا تھا۔
بولڈ اور قابل اعتراض ڈائلاگ کی وجہ سے ’ویرے دی ویڈنگ‘ کو پاکستان میں نمائش کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔
’ویرے دی ویڈنگ‘ کی مرکزی اداکارائیں اگرچہ کرینہ کپور اور سونم کپور ہیں، تاہم فلم میں ان کی دیگر 2 سہیلیوں سوارا بھاسکر اور شیکھا تلسانی کے بھی اہم کردار ہیں۔
ان چاروں سہیلیوں کا تعلق دہلی سے ہوتا ہے، جنہیں شادی کی تیاریوں کے دوران نشیب و فراز کا سامنا رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'ویرے دی ویڈنگ' پر پاکستان میں پابندی عائد
بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ ’ویرے دی ویڈنگ‘ نے پہلے دن 10 کروڑ 70 لاکھ بھارتی روپے کماکر رواں برس پہلے ہی دن سب سے زیادہ پیسے کمانے والی تیسری فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔