شیاؤمی کا نیا فون آئی فون ایکس کا بہترین اور سستا متبادل؟
چینی کمپنی شیاؤمی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون می 8 متعارف کرا دیا ہے اور یہ دیکھنے اور فیچرز کے لحاظ سے بالکل ایپل کے آئی فون ایکس (10) جیسا ہے۔
شیاﺅمی کی 8 ویں سالگرہ کے موقع پر می 8 کو بیجنگ میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا گیا اور اس میں آئی فون ایکس جیسا نوچ ڈیزائن اور ورٹیکل رئیر کیمرہ سیٹ دیکھنے میں آیا، جبکہ اس میں انفراریڈ کیمرے فیس ان لاک کے لیے نوچ میں دیئے گئے ہیں، یہ وہ فیچر ہے جو آئی فون ایکس میں ہی دستیاب ہے۔
یہ فون شیاﺅمی کے اپنے آپریٹنگ سسٹم ایم آئی یو آئی 10 اور اینڈرائیڈ کے امتزاج پر کام کرے گا (اینڈرائیڈ کا ورژن نہیں بتایا گیا مگر یہ اوریو ہی ہوسکتا ہے)۔
مزید پڑھیں : شیاؤمی کا نیا فلیگ شپ فون رواں ماہ سامنے آئے گا
آئی فون ایکس کی مشابہت سے ہٹ کر اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دیا گیا ہے۔
اس کا 6.21 انچ کا ڈسپلے امولیڈ اسکرین پر مشتمل ہے جبکہ یہ دنیا کا پہلا فون ہے جس میں ڈوئل فریکوئنسی جی پی ایس کو اپنایا گیا ہے تاکہ زیادہ بہتر نیوی گیشن میں مدد مل سکے۔
اس میں 12، بارہ میگا پکسل کے 2 کیمرے بیک پر دیئے گئے ہیں اور کمپنی کے مطابق یہ معیار کے لحاظ سے بہترین ہیں جن کو ریٹنگ کمپنی ڈی ایکس او مارک نے 105 فوٹو اسکور دیا ہے۔
اس کے فرنٹ پر 20 میگا پکسل کیمرہ ہے جس میں پکسل بننگ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے تاکہ انتہائی کم روشنی میں بھی بہترین سلیفی لی جاسکے۔
کمپنی نے اس کے ساتھ ایک 'چھوٹا' می 8 ایس ای بھی متعارف کرایا جس میں 5.88 انچ کا امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے اور یہ پہلا فون ہے جو کہ کوالکوم کے نئے اسنیپ ڈراگون 710 پراسیسر سے لیس ہوگا۔