لائف اسٹائل

دوسری فلم سائن کرنے پر سارہ علی خان کے نام قانونی نوٹس

فلم ’کیدرناتھ‘ کے ہدایت کار ابھیشیک کپور نے فلم کی مرکزی اداکارہ سارہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بولی وڈ اداکار سیف علی خان کی 25 سالہ بیٹی سارہ علی خان ہندی سینما میں فلم ’کیدرناتھ‘ کے ساتھ ڈیبیو کرنے جارہی تھیں، تاہم ایسا ہونے سے قبل ہی وہ بڑی مشکل میں پھنس گئیں۔

فلم ’کیدرناتھ‘ کے ہدایت کار ابھیشیک کپور نے فلم کی مرکزی اداکارہ سارہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم کیدرناتھ کے ہدایت کار ابھیشیک کپور نے سارہ علی خان کو ان کی فلم کیدرناتھ مکمل ہونے سے قبل دوسری فلم سائن کرنے کے باعث قانونی نوٹس بھیج دیا۔

مزید پڑھیں: سارہ علی خان کی پہلی فلم کون سی ہوگی، نیا تنازع سامنے آگیا

سارہ علی خان بولی وڈ میں فلم کیدرناتھ کے ساتھ ڈیبیو کرنے جارہی تھیں، جس میں ان کے ساتھ اداکار سشانتھ سنگھ راجپوت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

اس سے قبل فلم کو رواں سال نومبر میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا، تاہم ہدایت کار ابھیشیک کپور فلم کے پروڈیوسرز کے بڑھتے اختلافات کے باعث فلم کی ریلیز مؤخر ہوگئی۔

خیال رہے کہ فلم کیدرناتھ کی پروڈکشن کریرج انٹرٹینمنٹ کمپنی کررہی تھی تاہم بعدازاں ابھیشک کپور نے پروڈکشن کا ذمہ اپنے سر ہی لے لیا۔

دوسری جانب حال ہی میں ہدایت کار روہت شیٹی نے اعلان کیا کہ وہ رنویر سنگھ کے ساتھ اپنی فلم ’سمبا‘ بنانے جارہے ہیں، جس میں سارہ علی خان مرکزی کردار ادا کریں گی جبکہ اس فلم کی پروڈکشن کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کمپنی کرنے جارہی ہے۔

’سمبا‘ کی ٹیم فلم کو رواں برس 27 دسمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سارہ علی خان رنویر سنگھ کی فلم میں کاسٹ

جس کے بعد ابھیشیک کپور کی پروڈکشن کمپنی گائے ان دی سکائے نے سارہ علی خان کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ان سے 5 کروڑ روپے جرمانا ادا کرنے کا مطالبہ کرلیا ہے۔

ابھیشیک کپور نے سارہ علی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے فلم ’کیدرناتھ‘ کو 2017 میں کاسٹ کیا اور معاہدے کے مطابق وہ فلم مکمل ہونے تک کسی دوسری فلم کو سائن نہیں کرسکتی تھی تاہم اداکارہ نے اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیدرناتھ کو دی ہوئی تاریخوں پر روہت شیٹی کی فلم سائن کرلی۔

یاد رہے کہ سارہ علی خان سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی بیٹی ہیں، جو بولی وڈ میں رواں سال ڈیبیو کرنے جارہی تھیں۔