پاکستان

پاکستان میں عید پر بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی

وزارت اطلاعات نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

اگر آپ رواں سال عید الفطر کے موقع پر بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ دیکھنے کا ارادہ کررہے تھے، تو اب اپنا ارادہ بدل دیں، کیوں کہ ’ریس 3‘ کے ساتھ ساتھ تمام بولی وڈ فلموں کی ریلیز پر پاکستان میں اس عید پابندی عائد کردی گئی ہے۔

وزارت اطلاعات نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں اعلان کیا گیا کہ بولی وڈ فلمیں عیدالفطر اور عید الضحیٰ کے دوران پاکستان میں ریلیز نہیں ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ یہ پابندی مستقل نہیں، بھارتی فلموں پر پابندی کا اطلاق عید سے دو دن پہلے شروع ہوگا اور عید کے بعد دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔

حکومت پاکستان نے پاکستانی فلموں کی زیادہ مقبولیت کے لئے بولی وڈ کی فلموں کی نمائش کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال عید پر پاکستان کی تین فلمیں ریلیز ہورہی ہیں، جن میں ’آزادی‘، ’وجود‘ اور ’سات دن محبت ان‘ شامل ہیں۔

جبکہ بولی وڈ سے عید پر سلمان خان کی ’ریس 3‘ اور ایشوریا کی ’فینی خان‘ ریلیز ہونے جارہی ہیں۔