کروڑوں روپے کمانے والے عامر خان نے پہلی ہٹ فلم میں کتنا معاوضہ لیا؟
بولی وڈ اداکار عامر خان کو سینما کا مسٹر پرفیکٹشنسٹ کہا جاتا ہے، جن کی ہر ایک فلم نیا ریکارڈ قائم کردیتی ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عامر کو اپنی پہلی کامیاب کمرشل فلم کے لیے کتنا معاوضہ ملا تھا؟
عامر خان اس وقت اپنی ہر نئی فلم سائن کرنے پر 50 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کا مطالبہ کرتے ہیں، جس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی فلموں کی پروڈکشن بھی خود ہی کرتے ہیں۔
لیکن آج کروڑوں روپے حاصل کرنے والے بولی وڈ اداکار نے اپنی پہلی کمرشل ہٹ فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کے لیے صرف 11 ہزار روپے کمائے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عامر خان نے ایک ایونٹ کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کے دوران 11 ہزار روپے معاوضہ ملا۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ’قیامت سے قیامت تک جو میری کامیاب فلم تھی، اس کے بعد بھی میرے پاس پیسے نہیں تھے کہ گاڑی خرید سکوں، میں نے اس وقت تک پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کیا جب تک لوگوں نے مجھے پہچاننا شروع نہیں کیا‘۔