پاکستان

جعلی ڈگری کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما تاحیات نا اہل قرار

راجا شوکت عزیز بھٹی آرٹیکل 62 کے منافی قرار پائے جس کی بنیاد پر وہ کوئی عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتے، جسٹس شیخ عظمت سعید

اسلام آباد: حکومت کی مدت مکمل ہونے سے محض ایک ہفتے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی ڈگری کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی راجا عزیز بھٹی کو تاحیات نا اہل قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ راجا شوکت عزیز بھٹی کو 2008 کے انتخابات میں بھی جمع کرائے گئے حلف نامے میں غلط بیانی کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا

جسٹس شیخ عظمت سعید کی جانب سے جاری 32 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ ‘راجا شوکت عزیز بھٹی آئین کے آرٹیکل 62 (ون)(ایف) کے منافی قرار پائے ہیں جس کی بنیاد پر انہیں صوبائی اور پارلیمنٹ کا ممبر بننے پر تاحیات پابندی عائد کی جاتی ہے’۔

خیال رہے کہ راجا عزیز بھٹی نے مئی 2013 میں راولپنڈی کے حلقہ پی پی 4 سے نشست پر کامیابی حاصل کی تھی۔

بعدازاں میجر (ر) افتخار محمود کیانی نے الیکشن آف کمیشن (پی ای سی) میں راجا عزیز بھٹی کے خلاف جعلی ڈگری رکھنے کا کیس دائر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: جہانگیر ترین تاحیات نااہل قرار

جس کے بعد 15 جون 2010 کو ای سی پی نے عدالت عظمیٰ کے حکم پر انکوائری کی جس میں وہ مجرم قرار پائے۔

راجا عزیز بھٹی نے ای سی پی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن عدالت نے ای سی پی کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔

جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپنے خلاف فیصلہ چیلنج کیا۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جب راجا عزیز بھٹی نے 2008 کے انتخابات میں حصہ لیا تب قانون کے مطابق امیدوار کے لیے گریجویٹ ہونا لازمی تھا۔

یہ پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا

راجا عزیز بھٹی نے کاغذات نامزدگی میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یونیورسٹی آف پنجاب سے بی اے کی ڈگری حاصل کی تاہم ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے تصدیق کی کہ مذکورہ ڈگری شوکت عزیز شیخ کو تفویض کی گئی تھی ناکہ راجا عزیز بھٹی کو۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ‘راجا عزیز بھٹی کی جانب سے وکٹوریہ کالج آف ٹیکنالوجی اینڈ ای کامرس کا ڈپلومہ جمع کرایا گیا جو بی اے کی ڈگری کے برابر نہیں ہے’۔


یہ خبر 23 مئی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی