ہاکی کی قسمت بدلنے کیلئے مزید 2 غیرملکی کوچز کا تقرر
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کی پرفارمنس میں بہتری لانے کے لیے مزید دو غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرتے ہوئے پینالٹی کارنر اور گول کیپنگ کوچز کا تقرر کردیا ہے۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ بدحالی کی جانب سے قومی کھیل ہاکی کی بہتری کے لیے کچھ عرصہ قبل ہالینڈ کے رولینٹ اولٹمنز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اور اب کوچ کے مشور سے مزید دو کوچز کا تقرر کردیا گیا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے پاس اوٹمنز کو تنخواہ دینے کے پیسے بھی نہیں اور فیڈریشن نے گزشتہ دنوں اسپورٹس بورڈ سے غیر ملکی ہیڈ کوچ کو تنخواہ دینے کے لیے 35 لاکھ روپے مانگے اور اس ابتر صورتحال میں ہیڈ کوچ نے خود پینالٹی کارنر اور گول کیپنگ کوچ کا تقرر کردیا۔
ڈچ شارٹ کارنر اسپیشلسٹ بریم لومنز پاکستانیوں کو پینالٹی کارنر سکھائیں گے جبکہ ڈینس فینڈر گول کیپرز کو ٹریننگ دیں گے اور دونوں کوچز قومی ٹیم کو ہالینڈ میں جوائن کریں گے تاہم یہ معمہ ابھی تک حل طلب ہے کہ ان کوچز کو تنخواہیں کس طرح ادا کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ غیرملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کے باوجود ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی چیمپیئنز ٹرافی میں فتح کے صرف 5فیصد امکانات ہیں۔
پاکستان ٹیم چیمپیئنز چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے جلد ہالینڈ روانہ ہو گی اور وہاں قومی ٹیم کا طویل کیمپ بھی لگے گا۔چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے قومی ٹیم آسٹریا سے تین میچز کی سیریز بھی کھیلے گی۔