ماہین بلوچ — تعلیم کا شعور اجاگر کرنے کی ایک کرن
18 سالہ ماہین بلوچ 4 برس سے بچوں کو مفت تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
18 سالہ ماہین بلوچ کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے، جنہوں نے کم عمر میں اپنے علاقے کے بچوں کو جرائم اور منشیات سے بچا کر ان کا مستقبل محفوظ بنانے کی کوشش شروع کی۔
ماہین بلوچ نے اپنے گھر کے ایک کمرے میں 4 بچوں کو پڑھانے سے یہ کام شروع کیا، پھر آہستہ آہستہ تعداد بڑھتی گئی۔ وہ اب لیاری میں ایک انجمن سے لی گئی جگہ پر اسکول میں بچوں کو پڑھا رہی ہیں۔
لیاری کی یہ لڑکی محدود وسائل میں 100 بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بھی سامنے لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
ماہین اپنے اس مشن کا مقصد بیان کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ جب وہ میٹرک میں تھیں، تب سے انہوں نے اس بات کو محسوس کیا کہ ان کے علاقے میں بچے اسکول نہیں جاتے، اسی لیے والد سے بات کرکے انہیں خود پڑھانا شروع کیا۔
انہیں اس کام میں والد اور بڑی بہن کی مکمل حمایت حاصل ہے۔