پھولوں کی وادی ’پھلاوئی‘
پھولوں کی وادی ’پھلاوئی‘
2002ء میں مظفرآباد سے تقریباً 7 گھنٹوں کی تھکا دینے والی مسافت کے بعد جب ہم پہلی مرتبہ آٹھمقام پہنچے تو لائن آف کنٹرول پر دوسری طرف سے ہونے والی گولہ باری نے آٹھمقام شہر کو شدید متاثر کیا تھا جس کی وجہ سے ہم آگے نہیں جاسکے تھے، لیکن واپسی پر یہ ارادہ کرکے نکلے تھے کہ جلد دوبارہ واپس آئیں گے اور پھر تب سے یعنی گزشتہ 16 برسوں سے وادئ نیلم سے نین لڑائے رکھے ہیں۔
2015ء میں تاؤبٹ سے کیل کا پیدل سفر کیا۔ اس دوران مقامی لوگوں کی مدد کا یہ فائدہ ہوا کہ کئی چھوٹے بڑے گاؤں اور ندی نالوں اور سیاحوں کی نظروں سے اوجھل رہنے والی جھیلوں کا مفصل تعارف ہوا۔
وادئ نیلم میں آنے والے سیاح عام طور پر وادی کے دامن میں بہتے دریائے نیلم اور وادی میں دستیاب واحد سڑک کے ذریعے تاؤبٹ تک آکر اپنی سیاحت کا اختتام کردیتے ہیں۔ لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ وہاں سے آگے قدرت کے وہ راز چھپے ہیں جنہیں ایک بار دیکھنے والا کبھی نہ بھول پائے۔
کیل اور تاؤبٹ کے درمیان تحصیل شاردا میں ‘پھلاوئی‘ نامی ایک خوبصورت گاؤں ہے، جو مظفرآباد سے تقریباً 200 کلومیٹر دور ہے۔
’پھلاوئی‘ نام 2 لفظوں، یعنی پھول اور وئی کا مرکب ہے، جس کے معنی پھول اور پانی کے ہیں۔