پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو فلم بنائے جانے کا امکان
سپر ہیروز پر مبنی فلمیں بنانے والے ہولی وڈ کے معروف فلم اسٹوڈیو اور کومک بک پبلشر ’مارول کومکس‘ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ پہلی مسلم خاتون سپر ہیروز پر فلم بنانے پر کام جاری ہے۔
خیال رہے کہ مارول کومکس کے بینر تلے اب تک ’اسپائیڈر مین، تھور، ہلک، آئرن مین، کیپٹن امریکا، بلیک پینتھر، اوینجرز، ایکس مین، گارڈین آف دی گلیکسی، ڈاکٹر دوم، تھونس، الٹرون اور ڈاکٹر آکٹوپس سمیت کئی اہم سپر ہیروز اور ولن کے کردار متعارف کرائے جا چکے ہیں۔
مارول کومکس نے پہلی بار 2014 میں ’مس مارول‘ کا کردار اپنی کومک کتاب ’کپٹن مارول‘ میں متعارف کرایا تھا۔
بعد ازاں ’مس مارول‘ کے نام سے مارول کومکس نے الگ کتاب شائع کی، جس میں خواتین کے متعدد کردار متعارف کرائے گئے، ان کرداروں میں مسلم خاتون سپر ہیرو کمالہ خان کا کردار بھی شامل ہے۔
اس کردار کو ’مارول کومکس‘ کے کردار ’کیپٹن مارول‘ سے متاثر ہوکر بنایا گیا تھا، یہ مارول کا پہلا مسلم خاتون کا کردار تھا، جس نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔