وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سروسز ہسپتال سے ڈسچارج
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو طبیعت بہتر ہونے پر سروسز ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد احسن اقبال والدہ کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے جوہر ٹاؤن کے قبرستان روانہ ہوئے۔
ہسپتال سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کے صاحبزادے نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔
ہسپتال حکام کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کی طبیعت اب کافی بہتر ہے۔
ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے قبل متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سروسز ہسپتال میں احسن اقبال کی عیادت کی۔
یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل
یاد رہے کہ 6 مئی کو نارووال کے علاقے کنجروڑ میں احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔
احسن اقبال کو زخمی حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) نارووال لے جایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی جس کے بعد وفاقی وزیر کو لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ 9 روز زیرعلاج رہے۔
حملہ آور نے احسن اقبال پر 15 گز کی دوری سے فائرنگ کی تھی تاہم وہ جیسے ہی دوسری گولی چلاتا، اس سے قبل وہاں موجود لوگوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا۔
مزید پڑھیں: احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے خلاف حکومت، اپوزیشن ہم آواز
پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرکے اس کے پاس موجود پستول کو قبضے میں لے لیا، بعد ازاں ملزم کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں پنجاب حکومت نے احسن اقبال پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بھی تشکیل دی۔