ہاروی وائنسٹن کی اہلیہ شوہر کی جانب سے خواتین کو ہراساں کرنے پر بول پڑیں
کم سے کم 3 دہائیوں تک 100 سے زائد خواتین و اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اورانہیں ریپ کا نشانہ بنانے والے ہولی وڈ پروڈیوسر 65 سالہ ہاروی وائنسٹن کی اہلیہ جورجینا چمپمین نے اپنے شوہر کے جرائم پر خاموشی توڑ دی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ہاروی وائنسٹن کی اہلیہ نے اپنے شوہر پر الزامات لگائے جانے کے بعد ان کے جرائم پر کھل کر بات کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ہاروی وائنسٹن کی جانب سے اداکاراؤں و خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور انہیں ریپ کا نشانہ بنائے جانے کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ان کی 42 سالہ اہلیہ نے انہیں چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
ہاروی وائنسٹن پر ابتدائی طور پر 40 سے زائد خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف لندن اور نیو یارک پولیس نے الگ الگ تحقیقات بھی شروع کردی تھیں۔
بعد ازاں آسکر اکیڈمی نے ہاروی وائنسٹن کی رکنیت بھی معطل کردی تھی، جب کہ انہیں اپنی ہی فلم پروڈکشن کمپنی نے نوکری سے برطرف کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کی تحقیقات کا آغاز
اب تک 100 سے زائد خواتین و اداکارائیں سامنے آ چکی ہیں، جنہوں نے ہاروی وائنسٹن پر الزامات عائد کیے ہیں، تاہم 65 سالہ پروڈیوسر نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے خلاف سازش قرار دیا ہے۔