’حق بات کہوں گا، چاہے کچھ بھی سہنا پڑے‘
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حق بات کہوں گا، چاہے کچھ بھی سہنا پڑے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے ڈان اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا غلط کہا ہے؟ اس موقع پر انہوں نے ڈان اخبار میں شائع انٹرویو کا مخصوص حصہ بھی پڑھ کر سنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری بات کی تصدیق سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک، سابق آرمی چیف پرویز مشرف اور سابق فوجی آفیسر محمود درانی کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کا سیاسی مستقبل اب کیا موڑ اختیار کرنے جارہا ہے؟
نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں 50 ہزار قربانیوں کے باوجود دنیا میں ہمارا بیانیہ کیوں نہیں سنا جارہا؟ یہ سوال پوچھنے والے کو غدار کہا جارہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران جب یہ پوچھا گیا کہ تاثر یہ ہے کہ بھارت ممبئی حملہ کیس میں شواہد نہیں دے رہا؟ اس پر نواز شریف نے کہا کہ ہمارے پاس بھی شواہد کم نہیں ہیں، بہت شواہد ہیں، کیا محب وطن وہ ہیں، جنہوں نے ملک توڑا اور آئین توڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا وہ محبت وطن ہیں، جنہوں نے ججز کو دفاتر سے باہر نکال پھینکاَ؟ میڈیا پر مجھے غدار کہا جارہا ہے، یہ غدار کہا نہیں کہلوایا جارہا ہے۔
اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو ایک جاسوس تھا اور انہوں نے جو بات کہی وہ اس پر قائم ہیں۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل نواز شریف کی جانب سے ڈان اخبار کو ایک انٹرویو دیا گیا تھا، جس میں انہوں نے ممبئی حملوں کے حوالے سے بات کی تھی، اس بیان کے بعد میڈیا پر ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔
اپنے انٹرویو میں نواز شریف نے ممبئی حملوں پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دائر مقدمے کے حوالے سے کہا تھا کہ اس مقدمے کی کارروائی ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوسکی؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ عسکری تنظیمیں اب تک متحرک ہیں جنھیں غیر ریاستی عناصر کہا جاتا ہے، مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں ان کو اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150 لوگوں کو قتل کردیں؟
یہ بھی پڑھیں: پتہ نہیں اگلی بار جلسہ کرسکوں گا یا نہیں، نواز شریف
ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل ناقابل قبول ہے یہی وجہ ہے جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، یہ بات روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور چینی صدر ژی جنگ نے بھی کہی۔
سابق وزیراعظم نے خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے اپنے آپ کو تنہا کرلیا ہے، ہماری قربانیوں کے باوجود ہمارا موقف تسلیم نہیں کیا جارہا، افغانستان کا موقف سنا جاتا ہے لیکن ہمارا نہیں، اس معاملے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
نواز شریف کے اس بیان پر بھارتی میڈیا نے اپنی کامیابی قرار دیا تھا جس کے بعد پاکستانی میڈیا کے کئی حلقوں میں بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔