پاکستان

’شاہد خاقان عباسی کی سپریم کورٹ طلبی سے متعلق کوئی نوٹس نہیں ملا‘

وزیر اعظم شاہد قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں اور عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، ترجمان وزیر اعظم ہاؤس
|

اسلام آباد: وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان نے سپریم کورٹ کی جانب سے وزیر اعظم کی طلبی سے متعلق رپورٹس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو طلبی کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں اور عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں،عدالت عظمیٰ کی جانب سے کسی بھی مسئلے پر بلائے جانے پر وہ ضرور پیش ہوں گے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم سمیت تمام مقامی ایئرلائنز کے سربراہان کو طلب کرلیا

ان کا کہنا تھا وزیر اعظم نے بارہا اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ تمام اداروں کو آئین اور قانون کی حدود میں رہتے ہوئے اپنے اختیارات کا استعمال کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ایئرلائنز کمپنیوں میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق کیس میں چیف جسٹس نے وزیر اعظم سمیت تمام مقامی ایئرلائنز کے سربراہان کو 12 مئی کو کراچی رجسٹری میں طلب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا ٹیکس نادہندگان کیلئے ’ایمنسٹی اسکیم‘ کا اعلان

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا تھا کہ بتایا جائے کہ ایئربلو کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کون ہیں؟ جس پر ڈائریکٹر سول ایوی ایشن نے بتایا تھا کہ ہمیں معلوم کردہ معلومات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ایئربلو کے سربراہ ہیں۔

اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا یہ مفادات کا ٹکراؤ نہیں ہے؟ ہم تمام ایئر لائنز کے سربراہان کو نوٹسز جاری کررہے ہیں، اس معاملے پر شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم کے طور پر نہیں بلکہ سربراہ ایئرلائن کے طور پیش ہونگے۔