کھیل

پاکستان سپر کبڈی لیگ کا ٹائٹل گجرات واریئرز کے نام

فائنل میں گجرات واریئرز نے فیصل آباد شیردلز کو 26 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے ہرا کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

لاہور: پہلی پاکستان سپر کبڈی لیگ کے فائنل میں گجرات واریئرز نے فیصل آباد شیردلز کو 26 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے ہرا کر افتتاحی ایڈیشن کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

لاہور کے نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم میں منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں پول اے سے گجرات وارئیرز اور پول بی سے فیصل آباد شیردلز کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں مدمقابل آئیں۔

یہ دونوں ایونٹ میں پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں کیونکہ الگ الگ پولز میں ہونے کی وجہ سے فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا نہیں ہوا تھا۔

فائنل مقابلے کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے آغاز میں اچھا کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں مقابلہ بہت سخت رہا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وقفے تک گجرات واریئرز کو صرف ایک پوائنٹ کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں تحسین اللہ نے4 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے گجرات کی برتری میں اضافہ کیا جس کے بعد کھلاڑیوں نے فیصل آباد پر دباؤ بڑھا دیا۔

ایک جانب تو ریڈرز نے تیزی سے پوائنٹس حاصل کیے تو دوسری جانب دفاعی کھلاڑیوں نے حریف ریڈرز کے لیے پوائنٹس کا حصول مشکل بنایا۔

گجرات واریئرز نے مقررہ وقت ختم ہونے پر مقابلہ 26 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے اپنے نام کیا۔

فاتح ٹیم کے تحسین اللہ کو عمدہ کھیل پیش کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

فیصل آباد شیر دلز کے کپتان ناصر علی نے ایونٹ میں 68 پوائنٹس اسکور کیے اور پلیئر آف دی لیگ قرار پائے، انہیں ٹرافی اور موٹر سائیکل انعام میں دی گئی۔

فاتح گجرات واریئرز میں شامل ایرانی کھلاڑی بابا علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ سیمی فائنل، کوارٹر فائنل سمیت 3 میچزکے مرد میدان رہے جبکہ شائقین نے بھی بابا علی کے نام کے نعرے لگاتے ہوئے انہیں بھرپور سپورٹ کیا۔

فاتح ٹیم گجرات واریئرز کو 10 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم فیصل آباد کو 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔

پاکستان سپر کبڈی لیگ کے چیئرمین حیدر علی داؤد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے روایتی پہلی کبڈی لیگ کا کامیاب انعقاد ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔