پاکستان

کوئٹہ: ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’دہشت گرد‘ گرفتار

مشتبہ دہشت گرد قاری اسمٰعیل مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کی 15 وارداتوں میں ملوث ہے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی
|

بلوچستان پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ کے ہزار جنگی علاقے میں کارروائی کے دوران دہشت گرد تنظیم ’لشکر جھنگوی العالمی‘ سے وابستہ مبینہ دہشت گرد کی گرفتار کا دعویٰ کردیا۔

ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورائیہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مشتبہ دہشت گرد قاری اسمٰعیل مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کی 15 وارداتوں میں ملوث ہے، جس کے نتیجے میں پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں اور ہزارہ برادری کے افراد سمیت 40 افراد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ لشکر جھنگوی العالمی کے اس گروہ کے 6 دہشت گرد پہلے ہی مارے جاچکے ہیں جبکہ تین مفرورکارندوں کی تلاش جاری ہے، جن کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں اور عوام سے مدد اپیل کی ہے۔

ڈی آئی جی نے دعویٰ کیا کہ کالعدم تنظیم کے اس گروہ کے، جس میں کالج کے طلبہ بھی شامل تھے، گرفتار دہشت گرد اور ان کے ساتھیوں نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان سے لی۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ:آرمی چیف کی دھرنے میں بیٹھے ہزارہ برادری کے عمائدین سے ملاقات

ان کا کہنا تھا کہ یہ گروہ بینک ڈکیتی اور بھتہ خوری میں بھی ملوث رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران کوئٹہ میں، بالخصوص ہزارہ برادری کے خلاف کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ دہشت گردی کے تین مختلف واقعات میں ہزارہ برادری کے 5 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد بھوک ہڑتال کی گئی اور احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

ہزارہ برادری کے دھرنے میں بیٹھے افراد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔