چیف جسٹس وہ کام کررہے ہیں جو حکومت کوکرنا چاہیے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس اور میڈیا کو خیبر پختونخوا (کے پی) میں صحت اور تعلیم کا نظام دیکھنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس وہ کام کررہے ہیں جو حکومت کو کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ‘چیف جسٹس نے ہمارے ہسپتالوں کا نوٹس لیا ہے اور ہم چیف جسٹس کو خوش آمدید کہتے ہیں’۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘دوسرے صوبوں کے برعکس ہم چاہتے ہیں کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے پی کا دورہ کرے اور ہماری کارکردگی کا جائزہ لے اور ہم چاہتے ہیں کہ چیف جسٹس ہماری کارکردگی کو دیکھیں’۔
انھوں نے کہا کہ کے پی کے ہسپتالوں میں جواصلاحات کیں وہ 40 سال میں کبھی نہیں ہوئیں، 69 فیصد غریب گھرانوں کو ساڑھے 5 لاکھ روپےکا ہیلتھ کارڈ ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چیف جسٹس اورمیڈیا کے پی آکرصحت اور تعلیم کا نظام دیکھیں، ہم اربوں روپے کے اشتہار دینے کے بجائے پروجیکٹس پر خرچ کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پہلی بار باہر سے 30 ڈاکٹرز واپس کام کرنے آگئے اور اب کے پی میں 8 ہزار ڈاکٹرز ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ چاہتا ہوں چیف جسٹس بجٹ بھی دیکھیں،20 سے 80 ارب صحت کا بجٹ گیا، پرانے سرکاری ہسپتالوں کوٹھیک کرنا سب سےمشکل کام ہے لیکن ہم نے صحت کے حوالے سے اصلاحات کیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے کے پی کے ہسپتالوں کو ورلڈ کلاس بنانے کی کوشش کی۔
عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس وہ کام کررہے ہیں جو حکومت کوکرنا چاہیے تھا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ ‘چیف جسٹس ایک کمیٹی بنانی چاہیے اور کے پی حکومت کا دیگر صوبوں سے گزشتہ پانچ سال کی کارکردگی کا جائزہ لے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اخباروں میں اشہتارات نہیں دے سکتے اس لیے چاہتے ہیں کہ تعلیم انصاف اور صحت کی ترقی کے لیے جو اقدامات کیے ہیں اس کا چیف جسٹس جائزہ لیں’۔