قلندر لعل شہباز کا 766 واں عرس
سید عثمان مروندی کا عرس ہر سال 18 سے 21 شعبان کو منایا جاتا ہے۔
دنیا بھر میں مشہور صوبہ سندھ کے صوفی بزرگ حضرت قلندر لعل شہباز کے سالانہ عرس کی تقریبات میں 20 لاکھ کے قریب زائرین نے شرکت کی۔
ضلع جامشورو کے تعلقہ سیہون میں موجود قلندر لعل شہباز کی مزار کو عرس کے موقع پر دلہن کی طرح سجایا گیا تھا، جب کے شہر بھر میں سیکیورٹی و صفائی کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔
قلندر شہباز کے 766 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز 4 مئی کی سہ پہر کو ہوا تھا۔
افتتاحی تقریبات کا آغاز وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی مشیر برائے اوقاف سید غلام شاہ جیلانی نے کیا، جب کہ پہلے دن وزیر داخلہ سہیل انور سیال سمیت دیگر صوبائی وزراء نے بھی مزار کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
سندھی میڈیا کے مطابق قلندر لعل شہباز کے عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے شہر میں 200 سے زائد خفیہ کیمرا نصب کیے گئے۔