گولی کی سیاست ختم کرنےکیلئےقوم کومتحد ہونا پڑے گا،سراج الحق
امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ قوم کرپشن اور دھاندلی سے آزاد سیاست چاہتی ہے اور ملک میں گولی کی سیاست ختم کرنے کے لیے قوم کو متحدہ ہونا پڑے گا۔
کراچی میں جماعت اسلامی یوتھ کنونش سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو اور میں کہتا ہوں ووٹ کونہیں بلکہ ووٹرکوعزت دو۔
انھوں نے کہا کہ ملک کے ادارے تباہ ہوگئے، کیا کوئی خلائی مخلوق اس کی ذمہ دار ہے؟ کراچی میں بجلی، پانی اور کچرے کے مسائل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، کراچی میں آج نوجوانوں کو کھیلوں کے میدن تک میسر نہیں ہیں۔
سیکیورٹی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جس ملک میں وزیرداخلہ محفوظ نہیں توعام آدمی کیسے محفوظ ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ احسن اقبال پرحملہ حکومت اور نظام کی ناکامی ہے۔
سراج الحق نے احسن اقبال پر حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے پس پردہ عزائم بے نقاب ہونے چاہئیں، احسن اقبال پر حملہ انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں گولی کی سیاست کو ختم کرنے کے لیے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کےنوجوان ہی قائداعظم کاپاکستان بنائیں گے اور دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی، نوجوان ایٹم بم سے بھی زیادہ طاقت ور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دولت اور پیسہ نہیں بلکہ نوجوان ہی قوم کاسرمایہ ہیں۔