بھارتی فورسز کی کارروائی میں 4 کشمیری نوجوان جاں بحق
سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے مذمتی بیان میں ایک روزہ ہڑتال اور سوگ کا اعلان کردیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی سری نگر میں کارروائی کے دوران 4 کشمیری جاں بحق اور 3 صحافیوں سمیت کئی زخمی ہوگئے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس شیش پال وید کا کہنا تھا کہ فورسز نے سری نگر کے پرانے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی جہاں مقابلے کے دوران 3 نوجوانوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ایک پولیس افسر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فورسز کے گھیرے میں آنے والے نوجوانوں کو بچانے کے لیے جمع ہوئے سیکڑوں افراد میں شامل ایک اور نوجوان فورسز کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔