’102 ناٹ آؤٹ‘ نے شائقین کو کتنا متاثر کیا؟
بولی وڈ کے دو لیجنڈری اداکار 75 سالہ امیتابھ بچن اور 65 سالہ رشی کپور 27 سال بعد فلم اسکرین پر ایک ساتھ اپنی فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ کے ساتھ جلوہ گر ہوئے۔
اس فلم میں امیتابھ بچن نے 102 سال کے بوڑھے والد جبکہ رشی کپور نے ان کے 75 سالہ بیٹے کا روپ نبھایا۔
فلم کی کہانی میں امیتابھ بچن اس دنیا میں سب سے طویل عرصہ گزارنے والے شخص بننا چاہتے ہیں، وہ خاصے فٹ اور ایکٹو بھی ہیں۔
وہ اپنے بیزار بیٹے (رشی کپور) کی اہلیہ کو ان کی جانب سے رومانوی خط (لو لیٹر) لکھنے کا فیصلہ بھی کرتے ہیں، کیوں کہ ان کا ایسا ماننا ہے کہ ان کا بیٹا اپنی زندگی میں کچھ بھی نہیں کرے گا۔
مزید پڑھیں: 102 ناٹ آؤٹ: والد کا بیٹے کو اولڈ ہاؤس بھیجنے کا انوکھا فیصلہ
وہ شاید اس دنیا کے پہلے والد بھی بننا چاہتے ہیں جو اپنے بیٹے کو خود اولڈ ہاؤس بھیجنے کا فیصلہ کریں گے۔
’102 ناٹ آؤٹ‘ کی کہانی ایک گجراتی ڈرامے پر مبنی ہے جس کی ہدایات امیش شکلا نے دی، اس فلم کا اسکرپٹ سومیا جوشی نے لکھا ہے۔
فلم کو 4 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جس کے بعد ہر طرح سے شائقین نے اپنے ریویوز فلم کے حوالے سے جاری کیے۔
کیا آپ کو یہ فلم دیکھنی چاہیے؟ اس کا فیصلہ یہ ریویوز پڑھنے کے بعد کرے گا۔
ہندوستان ٹائمز
ہندوستان ٹائمز نے اپنے ریویو میں بتایا کہ فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ کی کہانی کافی جذباتی ہے، بہت سے اہم اداکاروں کو اسکرین پر امیتابھ بچن اور رشی کپور کی وجہ سے زیادہ وقت نہیں مل پایا، لیکن اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ دونوں نامور اداکار اس فلم کی جان تھے۔
فلم کے آخر میں شائقین کو مثبت پیغام بھی دیا گیا، جبکہ اس کی کہانی بھی نہایت خوبصورتی سے پیش کی گئی۔