سائنس و ٹیکنالوجی

سام سنگ کی ٹکر پر ایل جی کا نیا فلیگ شپ فون جی 7 تھن کیو

ڈیزائن کے لحاظ سے یہ ایل جی کی جانب سے تیار کردہ بہترین فون لگتا ہے اور اس میں کئی فیچرز بھی کافی نمایاں ہیں۔

ایل جی نے اپنا آرٹی فیشل ٹیکنالوجی سے لیس نیا فلیگ شپ فون جی 7 تھن کیو متعارف کرا دیا ہے۔

اس جنوبی کورین کمپنی کو حالیہ برسوں کے دوران اپنے فونز کی فروخت میں مشکل کا سامنا رہا ہے مگر کمپنی کو امید ہے کہ یہ نئی ڈیوائس صورتحال میں تبدیلی لاسکے گا۔

اور ڈیزائن کے لحاظ سے یہ ایل جی کی جانب سے تیار کردہ بہترین فون لگتا ہے اور اس میں کئی فیچرز بھی کافی نمایاں ہیں۔

مزید پڑھیں : ایل جی کا نیا فلیگ شپ فون 2 مئی کو پیش ہوگا

آئی فون ایکس جیسا نوچ

فوٹو بشکریہ ایل جی

اگر یہ کہا جائے کہ رواں سال آئی فون ایکس کے ڈیزائن نے مختلف کمپنیوں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے تو غلط نہیں ہوگا اور ایل جی جی 7 تھن کیو بھی آئی فون ایکس جیسے نوچ کے ساتھ ہے۔

6.1 انچ کی کیو ایچ ڈی پلس اسکرین کافی بڑی اور روشن ہے مگر او ایل ای ڈی کا استعمال نہیں کیا گیا اور اس نوچ کو کمپنی نے سیکنڈ اسکرین کا نام دیا ہے، جسے سیٹنگز میں جاکر ختم بھی کیا جاسکتا ہے۔

اسی طرح گلاس بیک دی گئی ہے تاکہ وائرلیس چارجنگ سپورٹ فراہم کی جاسکے۔

فیچرز

فوٹو بشکریہ ایل جی

اس فون میں کوالکوم کا طاقتور ترین اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دیا گیا ہے، 4 جی بی ریم، 64 جی بی اسٹوریج جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے بڑھایا جاسکتا ہے اور 3000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایل جی جی 7 کی پہلی جھلک سامنے آگئی

اس میں فنگر پرنٹ سنسر بیک پر دیا گیا ہے جبکہ ہیڈفون کو برقرار رکھا گیا ہے اور ہاں یہ آئی پی 68 واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنٹ بھی ہے۔

ایل جی کی جانب سے بوم باکس اسپیکر دیئے گئے ہیں جو اس کے بقول کسی بھی کمپنی کے اسپیکرز سے بہتر ہیں ۔

اس فون میں اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم ہے تاہم اسے نئے اینڈرائیڈ پی پر اس وقت اپ گریڈ کردیا جائے گا جب گوگل کی جانب سے نیا آپریٹنگ سسٹم پیش کیا جائے گا۔

اسمارٹ اے آئی کیمرہ

فوٹو بشکریہ ایل جی

اس فون کے بیک پر موجود ڈوئل کیمرہ سیٹ بھی بہتر کیا گیا ہے اور یہ دونوں کیمرے 16 میگا پکسل کے ہیں، جن میں سے ایک 71 ڈگری وائیڈ اینگل لینس اور ایف 1.6 آپرچر کے ساتھ ہے جبکہ دوسرا کیمرہ 107 ڈگری الٹرا وائیڈ اینگل اور ایف 1.9 آپرچر کے ساتھ ہے۔

اس کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرہ ایف 1.9 آپرچر کے ساتھ دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق فرنٹ اور بیک کیمرے دھندلے پس منظر کے ساتھ تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس میں موجود اے آئی ٹیکنالوجی کیمرے کو لوگوں، خوراک، شہر، سمندر، آسمان، سورج غروب ہونے اور دستاویزات میں فرق کرنے میں مدد دیتی ہے۔

یہ فون آئندہ چند ہفتوں میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت کا اعلان فی الحال کمپنی نے نہیں کیا۔