کھیل

ایشین ہاکی کوالیفائر: جاپان نے پاکستان کو 7-5 سے شکست دے دی

یوتھ اولمپکس کیلئے ایشین ہاکی کوالیفائر میں جاپان نے پاکستان کو 5کے مقابلے میں7 گول سے ہرا کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

اسلام آباد: ایشین ہاکی کوالیفائر برائے یوتھ اولمپکس میں جاپان نے پاکستان کو 5کے مقابلے میں7 گول سے ہرا کر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ قومی ٹیم کو چھٹی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔

تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں اتوار کو پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں جاپان کی ہاکی ٹیم نے پاکستان کو5 کے مقابلے میں7 گول سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

میچ کے اختتام سے 2 منٹ قبل دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ پانچ، پانچ گول سے برابر تھا تاہم آخری دو منٹ میں جاپان کے کھلاڑیوں نے مزید 2 گول کر کے پاکستان کو ہرا دیا۔

پاکستان کی طرف سے مرتضی یعقوب نے دو جبکہ ذوالقرنین،محمد وقاص اور محسن خان نے ایک ایک گول کیا جبکہ جاپان کی طرف سے جون نکہانا نے3 گول کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کر دار ادا کیا جبکہ جاپان کے دیگر4کھلاڑی بھی ایک ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم پہلے ہی یوتھ اوپلمپکس کی دوڑ سے باہر ہو گی تھی جبکہ بھارت اور ملائیشیا نے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جس کا انعقاد 6 سے 18 اکتوبر کے دوران ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں ہو گا۔