پاکستان

جنوبی وزیرستان میں فائرنگ سے 4 مزدور جاں بحق

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق تحصیل لدھا کے علاقے مومی کرم میں نامعلوم مسلح افراد نے مزدوروں کو نشانہ بنایا۔

وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی ایجنسی جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

جنوبی وزیرستان کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے تحصیل لدھا کے علاقے مومی کرم میں کام کرنے والے 4 مزدوروں کو نشانہ بنایا جو موقع پر دم توڑ گئے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ جاں بحق مزدوروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرا اسمٰعیل خان سے تھا۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ایک شادی کی تقریب کے دوران دستی بم حملہ کیا گیا تھا جس میں 5 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے سیدگی میں زنگی خان نامی شخص کی رہائش گاہ پر شادی کی تقریب جاری تھی جہاں تقریباً رات ایک بجے نقاب پوش شخص نے حجرے میں موجود مہمانوں پر دستی بم سے حملہ کیا۔

مزید پڑھیں:میران شاہ: شادی کی تقریب میں دستی بم حملہ، 5 افراد ہلاک

حملے کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اورہ 35 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

زخمیوں کو میران شاہ کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 3 افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جون 2014 میں شروع کیے جانے والے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں علاقے سے مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کا خاتمہ ہوگیا تھا۔

مذکورہ علاقے میں آپریشن کے اختتام کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کے سلسلے میں مقامی لوگوں سے اسلحہ جمع کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ انتظامیہ کی جانب سے شمالی وزیرستان اور پورے قبائلی علاقے میں اسلحے کی نمائش پر پابندی بھی عائد ہے۔