صحت

بوتل میں پانی پینے سے کینسر ہوتا ہے؟

مائیکرو ویو میں پلاسٹک کے برتن میں گرم کی گئی غذائیں کھانے سے بھی کینسر ہوتا ہے؟

عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ پلاسٹک کی بوتل میں پانی پینے یا پھر مائیکرو ویو میں پلاسٹک کے برتن میں گرم کی گئی غذا کھانے سے کینسر ہوتا ہے۔

اگرچہ ایسا دلیل دینے والوں کے پاس کوئی سائنسی ثبوت نہیں ہوتا، تاہم وہ یہ دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں کہ انہوں نے ماہرین صحت سے ایسا سنا ہے۔

ایسے ہی خیالات و سوالات سے متعلق یورپ میں ایک سروے کیا گیا، جس میں لوگوں سے کینسر کا باعث بننے والی عام وجوہات پوچھی گئیں۔

حیران کن طور پر لوگوں نے ایسی وجوہات کو کینسر پیدا ہونے کا باعث بتایا، جن کا درحقیقت کینسر ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔

یورپین جرنل آف کینسر (ای جے سی) میں شائع ایک سروے کے مطابق زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ پلاسٹک کی بوتل کے ذریعے پانی پینا اور مائیکرو ویو میں پلاسٹک کے برتنوں میں گرم کی گئی غذاؤں کو کھانے سے کینسر پیدا ہوتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انگلینڈ کے زیادہ تر لوگ اس بات سے قطعی طور پر بے خبر ہیں کہ کینسر کیوں پیدا ہوتا ہے؟

سروے میں لوگوں سے پوچھا گیا تھا کہ ان کے خیال میں کینسر کن عام وجوہات کی وجہ سے ہوتا ہے، جس کے جواب میں زیادہ تر افراد نے کہا کہ پلاسٹک کی بوتل کے ذریعے پانی اور مائیکرو ویو میں پلاسٹک کے برتنوں میں گرم کی گئی غذائیں کھانے کے ذریعے جلد کینسر ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کینسر کے خطرات کم کرنے والی غذائیں

اسی طرح زیادہ تر افراد نے سگریٹ نوشی کی ایسی عام اور معمولی وجوہات کو بھی کینسر کے سب سے بڑے اسٹیج کا ذمہ دار قرار دیا، حالانکہ جن سموکنگ کی وجوہات کو لوگوں نے خطرناک کینسر کا سبب قرار دیا، ان کا اس سے کوئی سائنسی تعلق نہیں تھا۔

سروے میں ماہرین نے اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کی غیر صحت مند طرز زندگی اپنانا کینسر سمیت دیگر بیماریوں کا باعث بنتا ہے، تاہم لوگوں میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

سروے رپورٹ میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ پلاسٹک کی بوتل کے ذریعے پانی پینے اور مائیکرو ویو میں پلاسٹک کے برتن میں گرم کی گئی غذائیں کھانے سے کینسر پیدا ہونے یا نہ ہونے کا کوئی تعلق نہیں، یہ صرف مفروضہ ہے۔